عتبه نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ حرم امام رضا(ع) کے ادارہ تبلیغات اسلامی کے سربراہ نے عشرہ کرامت کی آمد کی مناسبت سےعشرہ کرامت کے مجوزہ پروگراموں کی ایک پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مؤرخہ ۲۱ مئی یوم ولادت حضرت معصومہ(س) سے عشرہ کرامت کا آغاز ہوجائے گا اور حضرت امام علی رضا(ع) کے یوم ولادت تک جاری رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ۲۰۲۳ کےعشرہ کرامت کا مرکزی نعرہ اور سلوگن’’ ہم سب امام رضا(ع) کے خادم ہیں؛سخاوتمندانہ خدمت، ہمدردی اورامید و حوصلہ ‘‘ ہے
ان کا کہنا تھا کہ اس نعرے کو مدّ نظر رکھتے ہوئے عشرہ کرامت کے تمام پروگراموں اور تقریبات میں سامعین اور مخاطبین پر خصوصی توجہ دینا اور پروگراموں کو مقبول بنانا ہماری بنیادی کوشش ہوگی اور اتحاد و یکجہتی اور ہمدلی جیسے کلیدی الفاظ کو عشرہ کرامت کے پیش نظر انتخاب کیا گيا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی زائرین کے لئے متعدد پروگراموں اور تقریبات کے علاوہ حرم امام رضا(ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین کی جانب سے اردو اور عرب زبان زائرین کے لئے ’’بشائر المیلاد‘‘ کے زیرعنوان خصوصی پروگرام عشرہ کرامت کے آغاز سے ہر روز شام ساڑھے چھ بجے رواق غدیر میں منعقد کیا جائے گا۔
ولادت با سعادت امام رضا(ع) کے خصوصی پروگرام
حجت الاسلام والمسلمین شریعتی نژاد نے اما م رضا علیہ السلام کی شب ولادت ا ور یوم ولادت باسعادت کے پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شب ولادت امام رضا(ع) کے موقع پر شام پانچ بجے بین الاقوامی قاریوں کی موجودگی میں قرآن خوانی کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا،اس کے علاوہ شب ولادت کے پروگراموں اور تقریبات کو تین حصوں میں منعقد کیا جائے گا؛شکوہ رضوان کے عنوان سے جشن کا انعقاد جو پانچ بجے سے شروع ہو جائے گا،ساڑھے سات بجے خادموں کے توسط سے حرم امام رضا(ع) پرپھولوں کی بارش اور پھول نچھاور کئے جانے تک جاری رہے گا اور بعدازاں رواق امام خمینی(رہ) میں مذہبی انجمنوں کا عظیم اجتماع ہوگا ہے۔
حرم امام رضا(ع) کے ادارہ تبلیغات اسلامی کے سربراہ نے بتایا کہ بروز بدھ یعنی گیارہ ذی ا لقعدہ امام رضا علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر ضریح کی چادر اور گنبد مطہر کے پرچم کو تبدیل کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں حرم امام رضا(ع) کے متولی، خدام اور زائرین و مجاورین شرکت کریں گے جس کے بعد رواق امام خمینی(رہ) میں شاندارجشن بھی منعقد کیا جائے گا۔
تین مذہبی ، ثقافتی اور معرفتی منصوبوں کا افتتاح
حجت الاسلام شریعتی نژاد نے اپنی پریس کانفرنس میں عشرہ کرامت کےد وران تین منصوبوں کے افتتاح کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ صحن کوثر میں رواق کودک(بچوں کے ہال) کے دوسرے سیکشن کا افتتاح،بچوں کے لئے رواق کبوترانہ کے پہلے حصے کا افتتاح اور شیخ طبرسی کی مزار میں دارالتفسیرکا افتتاح عشرہ کرامت کے ایّام میں کیا جائے گا،اس کے علاوہ صحن غدیر میں آداب زیارت اور حجاب و عفاف کے موضوع پر ’’ادب حضور‘‘ نامی نمائش کا انعقاداور باغ رضوان میں آداب زیارت کے موضوع پر علمی مرکز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ عشرہ کرامت کے ایّام میں رضوی تعلیمات پر مشتمل دس جلدی کتاب کی بھی رونمائي کی جائے گی ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ جملہ پروگرام ہیں جو ولادت با سعادت امام رضا(ع) کے ایّام میں منعقد کئے جائيں گے
تین ممالک کے آرٹسٹ اور فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش
حجت الاسلام شریعتی نژاد نے حرم امام رضا(ع) کے بین الاقوامی ادارہ کے ثقافتی اور دینی پروگراموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حرم امام رضا(ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین کی انتظامیہ کی کاوشوں سے مؤرخہ۲۱ مئی کورواق دارالرحمہ میں کویت اورعراق کے آرٹ سینٹر کی شرکت اورایران کی وزارت ثقافت و ارشاد اسلامی کے تعاون سے ’’عش الولایہ‘‘ کے عنوان سے فن پاروں کی نمائش منعقد کی جائے گی جس میں ایران، عراق اور کویت کے بصری فنون، خطاطی، فوٹوگرافی، ڈیزائن اورڈیجیٹل موضوعات پر امام رضا(ع) کے عنوان سے فن پارے رکھے جائیں گے۔
بین الاقوامی کانگریس امام رضا(ع) کے انعقاد سے پہلے خواتین سےمتعلق اجلاس کا انعقاد
حرم امام رضا (ع) کے ادارہ تبلیغات اسلامی کےسربراہ نے بتایا کہ عدل وانصاف،صحت عامہ اورخواتین کی حیثیت اور وقار و منزلت کے زیرعنوان فارسی، انگلش، عربی اور اردو زبانوں میں خصوصی اجلاس بھی مؤرخہ۲۷مئی ۲۰۲۳ کو تین بجے حرم امام رضا علیہ السلام کے کانفرنس ہال میں منعقد کیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ