آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ 2016 سے آستان قدس رضوی کا مرکزی کچن مہران بارڈرپر بنایا گیا اور گذشتہ تین سالوں سے چہلم امام حسین(ع) کے ایّام میں رضوی خادمین اس کچن میں دن رات خدمت کرتے ہیں اور زائرین کی بھرپور انداز میں پذیرائی کرتے ہیں۔
اس مرکزی کچن میں ہر شفٹ کے دوران تقریباً100 افراد خدمت انجام دیتے ہیں اور مختلف قسم کے کھانے تیار کرتے ہیں اور زائرین کے درمیان تقسیم کرتے ہیں۔
ہزاروں زائرین کے لئے تین ٹائم کھانا اسی مرکز کچن میں تیار کیا جاتا ہے ،خادمین کے لبوں پر ذکر’’ لبیک یا حسینؑ‘‘ رہتا ہے جس سے کچن میں ایک خاص روحانی ماحول برقرار رہتا ہے ۔
مہران بارڈر پر آستان قدس رضوی کے مرکزی کچن کے انچارج جناب امیرحسین ھمتی نے بتایا کہ ہمارے لئے سب سے بڑا اعزاز یہ ہے کہ وہ کھانا جو مشہد مقدس میں اور حرم امام رضا علیہ السلام میں بنایا جاتا ہے اسے اس جگہ بارڈر پر اربعین حسنی کے زائرین کے لئے تیار کیا جاتا ہے ،بہت سارے افراد شاید اب تک حرم امام رضا(ع) کی زیارت سے مشرف نہیں ہوئے ،لیکن یہاں پر حرم کے مہمان ہوتے ہیں۔
موکب امام رضا(ع) میں مختلف صوبوں جیسے قزوین، ایلام اور البرز وغیرہ سے خادمین خدمت میں مصروف ہیں کچھ ٹھنڈے شربت تیار کرتے ہیں اور کچھ کھانا تقسیم کرتے ہیں اور کچھ ہیں جو زائرین کے جوتوں پر جمی خاک کو صاف کرتے ہیں۔
ان دنوں میں مہران بارڈر پر ایک خاص روحانی فضا حاکم ہے اور خاص طور پر امام رضا(ع) کی کرامت و مہربانی کا سایہ ہر زائر امام حسین(ع) کے سر پر ہے ۔

چہلم امام حسین علیہ السلام کے لئے فقط چند دن باقی ہیں ،مہران بارڈر پر رضوی خادمین کی جانب سے میزبانی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں ،اس جگہ پر آستان قدس رضوی کا مرکزی کچن روزانہ کی بنیاد پر زائرین کے لئے ہزاروں کھانے تیارکر کے تقسیم کر رہا ہے ۔
News Code 6963
آپ کا تبصرہ