طوفان الاقصیٰ آپریشن ، اسرائیل کی نابودی کا آغاز

اسلامی جمہوریہ ایران میں تحریک حماس نمائندے نے غزہ میں جاری صیہونی جرائم اور خواتین اور غاصب اسرا‏ئیلی حکومت کے ہاتھوں معصوم بچوں کے وحشیانہ قتل عام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہرگز ایسی غاصب حکومت کے ساتھ جو کسی بھی بین الاقوامی قانون کی پاسداری نہیں کرتی مذاکرات نہیں کریں گے۔

آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ آستان قدس رضوی کی اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے شیخ طبرسی ہال میں خصوصی پروگرام’’آستان کی تقریب‘‘ منعقد کیا گیا جس میں  ایران میں تحریک حماس کے نمائندے خالد قدومی نے آستان قدس رضوی پبلشنگ ہاؤس کی تازہ ترین خبروں سے آگاہ کرنے کے ساتھ کتاب ’’ الشوک والقرنفل (کانٹے اورپھول)‘‘ کے مصنف شہید یحییٰ سنوارکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یحییٰ سنوار اگرچہ ایک مرد مجاہد تھے لیکن قصے اور داستان کی زبان جانتے تھے اور اس کتاب کو قصے کی صورت میں نہایت خوبصورتی سے تحریر کیا ہے اور اس میں طوفان الاقصیٰ آپریشن کی وجوہات کو بھی بیان کیا ہے۔
بین الاقوامی قوانین ختم ہو چکے ہیں
ایران میں حماس کے نمائندے نے طوفان الاقصیٰ آپریشن کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام نے غاصب صیہونی حکومت کے جرائم سے تنگ آکر طوفان الاقصیٰ آپریشن کو انجام دیا۔
انہوں نے ان افراد کی مذمت کرتے ہوئے جو یہ کہتے ہیں کہ مزاحمت ، غزہ کے مسائل کا حل نہیں ہے بلکہ بین الاقوامی برادری مسائل کو حل کرے گی کہا کہ 1947 عیسوی سے بین الاقوامی قوانین ختم ہو چکے ہیں۔
اس سال جو معاہدہ ہوا تھا اس کے مطابق فلسطین ایک آزاد ریاست ہونی چاہئے تھی لیکن آج بھی غزہ اور فلسطین میں عوام کا قتل عام دیکھا جا رہا ہے ، ہم انسانی حقوق کے دعویداروں سے سوال کرتے ہیں کہ کہاں ہے فلسطینی ریاست؟
 خالد قدومی نے غزہ میں فلسطین کی آزادی تک مزاحمت کو جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 43ہزار فلسطینی شہید کئے گئے جن میں ستر فیصد بچے اور خواتین ہیں اور90 فیصد غزہ کی عوام بے گھر ہو چکی ہے ،لہذا ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک اپنے شہیدوں کی یاد میں مزاحمت کا راستہ جاری رکھیں گے۔  
 مزاحمت عالمی شکل اختیارکرچکی ہے
 خالد قدومی نے اس بات پر تاکید کی کہ آج کی جنگ حق و باطل کی جنگ ہے ہمیں انتخاب کرنا ہوگا کہ کس کے خیمے میں ہیں،صیہونی حکومت کے جرائم بین الاقوامی سطح پر بیان کئے جا رہے ہیں آج دنیا غزہ کے عوام کے ساتھ ہے انشاء اللہ جلد ہی ہم فلسطین کی فتح و آزادی کو دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی عوام بھی آج ہمارے ساتھ ہیں آپ دیکھ رہے ہیں کہ امریکہ میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے کئے جارہے ہیں۔
حماس کے نمائندے خالد قدومی نے مسئلہ فلسطین پر بعض مسلم اور عرب ممالک کے موقف کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل آزاد عرب اور مسلم ممالک کی سرحدوں پرجارحیت  کر رہا ہے اور وہ کچھ بھی نہیں کر پا رہے۔
انہوں نے کہا فلسطینیوں کا مستقبل خود فلسطینی ہی رقم کریں گے ،دنیا کا مستقبل صیہونیوں کے بغیر ہوگا اس لئے ہم واضح طور پر کہتے ہیں کہ فلسطین میں اسرائیل کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
جناب خالد قدومی نے کہا کہ اسرائیل 7 اکتوبر کو ہونے والے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں نابود ہو چکا ہے ۔
’’کانٹے اور پھول‘‘ نامی کتاب کا تعارف
جناب قدومی نے   کہا کہ یہ ناول فلسطینیوں کی داستان پر مشتمل ہے جس میں فلسطینی عوام کی زندگی کی تلخیاں اور خوشیاں ایک ساتھ پیش کی گئی ہیں ، اس کتاب میں غزہ اور فلسطین کے مقامی لوگوں کے الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے ۔
ایران میں تعینات حماس کے نمائندے نے کتاب کے مطالعہ پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ اپنی جوان نسل کو کتاب کے مطالعہ کی ترغیب دلائیں تاکہ لوگ مغربی ثقافت اور ذرائع ابلاغ سے اپنی ثقافت اور کتب کی طرف راغب ہوں۔

News Code 5163

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha