آستان نیوز کی روپورٹ کے مطابق؛ اس بارآستان قدس رضوی کے کانفرنس ہال کی نشستیں علماء، فضلا، عہدیداروں،حرم امام رضا(ع) کے خادمین،ممتاز شخصیات اور دانشوروں سے بھری ہوئی تھیں یہ سب مبلغ اسلام حجت الاسلام والمسلمین کاظم رشدی کی نصف صدی سے زائد دینی و تبلیغی جدوجہد کی یاد میں انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تشریف لائے تھے ۔
تقریب کے آغاز میں آستان قدس رضوی کے نائب سربراہ جناب مصطفیٰ فیضی نے حرم امام رضا(ع) کی انتظامیہ کی جانب سے انقلاب اسلامی اور اخلاقیات کے میدان میں کی جانے والی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حجت الاسلام والمسلمین راشد یزدی نے اپنی پوری زندگی امام(رہ) کی تحریک اور انقلاب اسلامی کے لئے وقف کر دی۔
انہوں نے تقریب میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے دفتر کے انچار ج اور دیگرسرکاری حکام، علماء اور عوام کی کثیرتعداد میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس بھرپور شرکت سے پتہ چلتا ہے کہ لوگ ہمیشہ سے علمائے کرام اور اخلاقیات کے اساتذہ کی قدر کرتے آئے ہیں۔
جلا وطنی میں رہبر معظم انقلاب کے دیرینہ دوست
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے دفتر کے انچارج حجت الاسلام والمسلمین محمد محمدی گلپایگانی نے تقریب کے دوران رہبر معظم انقلاب اسلامی کا شرکاء کو پرتپاک سلام پیش کیا اور کہا کہ حجت الاسلام والمسلمین راشد یزدی ایک لائق اورتوانا مقرر ہیں ، انقلاب اسلامی کے دوران انہیں گلپایگان جلا وطن کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میری اس خطیب سے دوستی انہی دنوں میں شروع ہوئی اور آج بھی ہم اچھے دوست ہیں، گلپایگان میں خطابت کرتے اور لوگوں کو وعظ و نصیحت کرتے تھے۔
انہوں نے مزید یہ کہا کہ جب حجت الاسلام راشد یزدی کو ایرانشہر جلا وطن کیا گیا تب رہبرمعظم انقلاب اسلامی کو بھی اسی شہر میں جلا وطن کیا گیا تھا اس لئے حجت الاسلام راشد یزدی رہبر معظم انقلاب اسلامی کے دیرینہ دوست ہیں۔
انقلابی جدوجہداس عوامی مقرر کی زندگی کا اہم موڑ
مجلس خبرگان رہبر کے رکن آیت اللہ سید احمد علم الھدیٰ نے اس تقریب کو ایک اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب درحقیقت علمائے حقہ کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی زحمتوں کی قدر دانی کی تقریب ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم اس عظیم انسان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر توجہ کریں تو ان سب میں سرفہرست انقلاب اسلامی کے لئے ظالم حکومت کے خلاف ان کی گرانقدر جدوجہد اور کاوشیں زیادہ نمایاں ہیں جو اس جلیل القدر عالم دین کی قید وبند اور جلاوطنی کا باعث بھی بنیں۔
آیت اللہ علم الھدیٰ نے اخلاص کو حجت الاسلام والمسلمین راشد یزدی کی اہم ترین خصوصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر تبلیغ دین میں ہم اخلاص سے کام لیں تو یقیناً یہ اخلاص کارآمد ثابت ہوگا۔
اس استادِ اخلاق کی ایک اور اہم خصوصیت خدا ترسی اور پرہیزگاری ہے خدا کے علاوہ کسی کا خوف نہیں رکھتے اور جو افراد مقرر اور مبلغ ہیں ان میں یہ خصوصیت ہونی چاہیئے۔
دینی مفاہیم کو سادہ زبان میں بیان کرنا
ادارہ تبلیغات اسلامی کے سربراہ جناب محمد قمی نے بھی اس تقریب کے دوران گفتگو کی اور کہا کہ اس استادِ اخلاق نے دینی مفاہیم کو سادہ ترین الفاظ کے ساتھ بیان کیا یہی وجہ ہے کہ تمام عمر کے افراد ان کی تقاریر کو دلچسپی سے سنتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس زمانے میں تبلیغی میدان میں فعال علماء کو خراج تحسین پیش کرنا بہت اچھا اقدام ہے اور آستان قدس رضوی نے ہمیشہ اس موضوع پرخاص توجہ دی ہے ۔
انقلابی نسل کی تربیت میں مؤثر کردار
مجلس خبرگان رہبری کے رکن آیت اللہ محسن کازرونی نے تقریب کے تسلسل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حجت الاسلام والمسلمین راشد یزدی ایک مقبول عوامی اور انقلابی عالم دین ہیں جو تبلیغ اور تقریر دونوں لحاظ سے ایک غیرمعمولی فرد ہیں،آپ کی گفتگو ہمیشہ عقل و حکمت پر مبنی رہی ہے ۔
آیت اللہ کازرونی نے مزید یہ کہا کہ حجت الاسلام راشد یزدی نے وعظ و نصیحت سے انقلابی نسل کی تربیت میں مؤثر کردار ادا کیا ہے ،ضروری سمجھتا ہوں کہ ایسے اقدامات انجام دیئے جائیں کہ مشہد مقدس کے علاوہ دوسرے شہروں کے لوگ بھی اس جلیل القدر عالم دین سے استفادہ کر سکیں۔
حجت الاسلام والمسلمین کاظم راشد یزیدی نے اس تقریب کے ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے کہ اس تقریب کا انعقادمجھے خراج تحسین پیش کرنے کے لئے نہیں ہے بلکہ علمائے کرام کے مقام و مرتبہ کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب ہے اس لئے لوگوں کو علمائے کرام سے جو محبت ہے اس کے باعث سب اس تقریب میں شریک ہوئے ہیں ۔
انہوں نے اس سوال کے جواب میں کہ آپ کا تقریر و تبلیغ کے میدان میں مقبولیت کا کیا راز ہے ؟ کہا کہ لوگوں سے حسن سلوک سے پیش آنا ان کے ساتھ مدارا کرنا اور محبت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا میں نے ہمیشہ اپنی زندگی میں لوگوں کی خدمت کی ہے کیوں کہ لوگوں کی خدمت بہت بڑی عبادت ہے اور دین مبین اسلام میں بھی اس موضوع پر خصوصی سفارش کی گئی ہے ۔
کتاب ’’زندگی کو میٹھا بناؤ‘‘ سے نقاب کشائی
اس تقریب میں حجت الاسلام والمسلمین راشد یزدی کی چار جلدی کتاب(زندگی ات را شیرین کن)’’ زندگی کو میٹھا بناؤ‘‘ کی نقاب کشائی کی گئی ۔
تقریب کے اختتام پر اعزازی شیلڈ اورقیمتی تحائف سے حجت الاسلام والمسلمین راشد یزدی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ تقریب ؛ آستان قدس رضوی،ادارہ تبلیغات اسلامی قم،ادارہ اوقاف و فلاحی امور،کلچر و کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے تعاون سے آستان قدس رضوی کے کانفرنس ہال میں منعقد کی گئی ۔
مبلغ اخلاق و انقلاب حجت الاسلام والمسلمین راشد یزدی کی نصف صدی سے زائد تبلیغی و دینی جدوجہد کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آستان قدس رضوی کے سربراہ آیت اللہ مروی،رہبر معظم انقلاب اسلامی کے دفتر کے انچارج حجت الاسلام والمسلمین محمد محمدی گلپایگانی اور ملک کے سویلین اور ملٹری حکام نے اس تقریب میں شرکت فرمائی۔
News Code 5111
آپ کا تبصرہ