حرم امام رضا(ع) میں استقامتی محاذ کے علمبردار  شہید سید حسن نصر اللہ کی یاد میں  پروگرام  کا انعقاد

حرم امام رضا (ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین کے تعاون سے شہدائے مزاحمت کی یاد میں اورقائد مزاحمت شہید سید حسن نصر اللہ کے چالیسیوں کی مناسبت سے ’’راہ نصر اللہ‘‘ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ یہ تقریب جو حرم امام رضا(ع) کے رواق دارالرحمہ میں منعقد کی گئی تھی؛ پاکستان، ہندوستان، عمان، سعودی عرب، بحرین، عراق اور لبنان سے زائرین کی کثیر تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی  اور شہید سید حسن نصر اللہ اور ان کے شہید ساتھیوں کی یاد میں سورہ فاتحہ کی تلاوت کی ۔
اس تقریب کے دوران مشہد مقدس میں اہلبیتؑ عالمی کونسل کے نمائندے حجت الاسلام  والمسلمین علی رضا ایمانی  مقدم نے قائد مقاومت کی شجاعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہید سید حسن نصر اللہ نے سید الشہداء حضرت ابا عبد اللہ الحسین(ع) کے مکتب میں پرورش پائی تھی اور آخری سانس تک دشمنانِ خدا سے لڑتے رہے ۔
انہوں نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے فرمودات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصر اللہ ایک شخص نہیں تھا بلکہ ایک مکتب تھا ،اس کا یہ عقیدہ تھا کہ ہمارے پاس جو کچھ ہے وہ مکتبِ سید الشہداء کی بدولت ہے ۔
 حرم امام رضا(ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین کے ڈائریکٹر حجت الاسلام ذوالفقاری نے اس تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصر اللہ کا چالیسواں اس مجاہد کی طرز زندگی اور اس کی وجودی پہلوؤں کو سیکھنے کا ایک بہترین موقع ہے ۔
شہید سید حسن نصراللہ کے چالیسیویں کی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) کے ادارہ دارالقرآن الکریم کے تعاون سے رواق امام خمینی (رہ) میں قرآن خوانی کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں حرم امام رضا علیہ السلام کے معروف اور بین الاقوامی قاریان قرآن سید جواد حسینی، حسین فردی، وحید کزائی اور حسین پور کویر نے قرآن کریم کی تلاوت کی۔
اس کے علاوہ حرم امام رضا(ع) کے صحن قدس میں ’’لبنان امام روؤف کی پناہ میں‘‘ کے عنوان سے عوامی امدادی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں زائرین و مجاورین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور لبنان کی مظلوم عوام کی بھرپور مدد کی، حرم امام رضا علیہ السلام کے ادارہ دارالقرآن  کی جانب سے اس عوامی امدادی کیمپ کے ساتھ مزاحمتی محاذ اور لبنانی عوام کی فتح کے لئے  سورہ مبارک حشر کا ختم بھی انجام دیا گیا۔

News Code 5072

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha