عتبہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے عراق میں واقع مقدس مقامات کی زیارات سے مشرف ہونے کے ساتھ ہی حرم امام علی(ع)، حرم امام حسین(ع)، حرم حضرت عباس(ع)اور کاظمین و سامرا کے روضوں کے متولیوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور اس دوران زیارت کے مسائل اور اہلبیت(ع) کے معارف اور تعلیمات کو فروغ دینے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے باہمی تجربات کے تبادلے پر تاکید کی اور کہا کہ مواصلاتی نیٹ ورک کی تشکیل ، علم و دانش اورباہمی تجربات کے تبادلے اور مقدس مقامات کی انتظامیہ کے مابین قریبی تعاون سے زائرین کو دی جانے والی خدمات میں توسیع و فروغ کے ساتھ ممکنہ مسائل کے حل میں بہت زیادہ مدد ملے گی
حجت الاسلام مروی نے اپنی گفتگو میںمذہبی امور ، علم اور سماجی خدمات کے مختلف شعبوں میں آستان قدس رضوی کے چند ایک اہم اقدامات اور پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آستان قدس رضوی نے گزشتہ دہائیوں کے دوران مختلف شعبوں بشمول مذہبی ، ثقافتی، علمی اوریونیورسٹی سےلے کر صحت، علاج،ملکی ضروریات کو پورا کرنے اورکئی فلاحی کاموں سمیت نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اپنی عام المنفعت خدمات کو پورے ایران میں پھیلایا ہے ۔
حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں عراق کے مقدس مقامات کی انتظامیہ ،مجتہدین،سرکاری حکام اور عراقی عوام کی جانب سے ایران کے صدر محترم کی شہادت پر تعزیت اور ہمدردی کرنے پر ان سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے صدر محترم کی شہادت کے انتہائی تلخ واقعے کے موقع پر ایرانی اورعراقی عوام کے درمیان اخوت و برادری،اتحاد و یکجہتی اور باہمی ہمدلی قابل دید تھی،اس واقعہ پر حضرت آیت اللہ العظمی سیستانی نے تعزیتی پیغام بھیجااور تقریبا عراقی حکام اور مقدس مقامات کے نمائندوں کی زیادہ تر تعداد تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے کے لئے ایران تشریف لائی۔
حرم امام رضا(ع) کے متولی نے آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کو خدا کی عظیم نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں ان کا کردار فقط دینی مسائل تک محدود نہیں ہے بلکہ مختلف سماجی، سیاسی اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے بھی ان کا اہم کردار ہے جس کی وجہ سے وہ نہ فقط عراق بلکہ دنیا بھر میں ایک نمایاں اور با اثر شخصیت ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس ملاقات کے دوران عراق کے مقدس مقامات اور مزارات کے متولیوں نے بھی حرم امام رضا(ع) سے وابستہ مجموعے آستان قدس رضوی کی مختلف شعبوں کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی اور مقدس مزارات کے مابین باہمی تعاون اور ہمدلی اور روابط کومؤثر اور مستحکم بنانے پرحجت الاسلام والمسلمین احمد مروی کی کوششوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیااور ان کے اس سفر کو آستان قدس رضوی اور عراق کے مقدس مقامات کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے کا بہترین موقع قرار دیا۔
واضح رہے کہ حرم امام رضا(ع) کے متولی نے عراق کے تمام مقدس مزارات کے متولیوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور انہیں ایران آنے اور حرم امام رضا(ع) کی زیارت سے مشرف ہونے کی دعوت بھی دی ۔
حرم امام رضا(ع) کے متولی نے ایران و عراق کے عتبات عالیات اور مقدس مقامات کی انتظامیہ کے درمیان باہمی روابط کو مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مقدس مقامات کی انتظامیہ کے تجربات کے تبادلے سے زائرین کو دی جانے والی خدمات کی مقدار اور معیار میں بہتری آئے گی۔
News Code 4535
آپ کا تبصرہ