آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ ترکی کے شہر اغدیر سے آنے والے آذری زبان زائر نے حرم امام رضا(ع) کی زیارت سے مشرف ہونے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بارہا حضرت امام علی رضا(ع) کی زیارت سے مشرف ہوا ہوں لیکن ہر بار ایسا لگتا ہے جیسے سب کچھ نیا ہے ۔
اشک بار آنکھوں سے اپنے دل کا حال سناتے ہوئے کہتا ہے کہ حرم امام رضا(ع) میں پہنچ کر جو کیفیت انسان پر طاری ہوتی ہے اسے الفاظ اور جملوں میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے ، فقط یہ کہوں گا کہ جب بھی اس ملکوتی بارگاہ میں قدم رکھتا ہوں دل تھرتھرانے لگ جاتا ہے ،آنکھوں سے آنسو بہنے لگ جاتے ہیں اورایسا لگتا ہے کہ دنیا کی بہشت میں آگیا ہوں۔
مزید یہ کہا کہ ہم ترکی کے شیعہ مشہد الرضا(ع) کو صرف ایک شہر نہیں سمجھتے بلکہ ایک روحانی منزل اور تھکے اور بے قرار دلوں کی پناہ گاہ جانتے ہیں ۔
یہ آذری زبان زائر روضہ منورہ امام رضا(ع) کے خادمین کی جانب سے کی جانے والی پذیرائی کا ذکر کرتے ہوئے کہتا ہے کہ خادمین کی محبت اور مہربانی درحقیقت ان کے خالصانہ عشق کی عکاس ہے ۔
آخر میں اس کا کہنا تھا کہ دعا کرتا ہوں کے اہلبیت(ع) کے تمام چاہنے والے اس زیارت کے فیض سے مستفید ہو سکیں۔
امام رضا(ع) کی زیارت میری زندگی میں ایک اہم موڑ تھا
قازقستان سے امام رضا(ع) کی زیارت سے مشرف ہونےو الی محترمہ آرزو محمد آوا اپنا حالِ دل سناتے ہوئے کہتی ہیں کہ امام رضا(ع) کی زیارت نے میری زندگی پر بہت گہرا اور مثبت اثر چھوڑا ہے ،مجھے یہ یاد نہیں ہے کہ میں پہلی بار کب مشہد مقدس آئی تھی لیکن یہ یاد ہے کہ ان دنوں میں زندگی کے سب سے تاریک دور سے گزر رہی تھی۔
ان دنوں میں اپنے کئی ذاتی مسائل کی وجہ سے دل شکستہ اور مایوس تھی ۔
گفتگو کوجاری رکھتے ہوئے کہتی ہیں کہ اس مشکل دور میں اتفاقی طور پر میرا ایک سے کاروان سے سامنا ہوا جو حرم امام رضا(ع) کی زیارت کے لئے جارہا تھا تو میں بھی ان کے ساتھ پہلی بار حرم مطہر کے روحانی و ملکوتی ماحول میں داخل ہوئی،ایسا لگا میرے سارے زخم بھر گئے ہیں اور کسی نے میری تھکی ہوئی جان میں ایک نئی روح پھونگ دی ہے ۔
یہ خاتون زائرہ کہتی ہیں کہ اس دن میں اپنے تمام غم بھول گئی،ایسے لگ رہا تھا کہ اب میں اکیلی نہیں بلکہ کوئی ہے جو میری آواز سن رہا ہے میرے شکستہ دل پر مرہم رکھ رہا ہے ۔
اس وقت میں نے حرم امام رضا(ع) میں دعا مانگی کہ مولا مجھے توفیق دے اور میں تمام شکستہ دل لوگوں کو زیارت پر لا سکوں۔
ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ اس وقت سے آج تک امام رضا(ع) کی عنایت میرے شامل حال ہے اور میں سال میں دو یا تین بار قازقستان سے زیارتی گروپوں کو حرم امام رضا(ع) کی زیارت کے لئے لاتی ہوں تاکہ وہ بھی زیارت کی لذت سے بہرہ مند ہو سکیں اور اپنے خستہ دلوں کو اس ملکوتی بارگاہ میں سکون دے سکیں۔

ترکی سے آنے والے ایک آذری زبان زائر نے اپنا حال دل بیان کرتے ہوئے کہا کہ حرم امام رضا(ع) بے قرار اور بے چین دلوں کے لئے سکون کی جگہ ہے ۔
News Code 7232
آپ کا تبصرہ