حرم امام رضا(ع) کے غیرملکی زائرین کی مختلف ثقافتوں پر خصوصی توجہ

آستان قدس رضوی کے ادارہ غیرملکی زائرین کے ڈائریکٹر نے بین الاقوامی سطح پر حرم امام رضا علیہ السلام کے زائرین کی ثقافتی تنوع پر خصوصی توجہ دینے کی تاکید کی۔

حجت الاسلام والمسلمین سید محمد ذوالفقاری نے آستان نیوز کے رپورٹر سے گفتگو کے دوران  حضرت امام علی رضا(ع) کی ولادت با سعادت اور عشرہ کرامت کی مبارک باد دیتے ہوئے غیرملکی زائرین کومناسب اور بہترین سہولیات دینے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حرم امام رضا علیہ السلام تین دہائیوں کے تجربے اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور غیرملکی زائرین کو خواہ وہ مسلمان ہوں یا غیرمسلم متنوع خدمات فراہم کرتا ہے ۔
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آستان قدس رضوی میں غیرملکی زائرین کا ادارہ؛ کثیر لسانی ماہرین اور رضاکار خادمین کے تعاون سے چوبیس گھنٹے فعال رہتا ہے اور ہمارا بنیادی مقصد زائرین کے ثقافتی تنوع کا احترام کرتے ہوئے زیارت کے لئے  انہیں روحانی ماحول فراہم کرنا ہے ۔
جناب ذوالفقاری نے اس سوال کے جواب میں کہ غیرملکی زائرین کس طرح ان خدمات اور سہولیات سے بہرہ مند ہو سکتے ہیں؟ کہا کہ اس کام کے لئے پانچ طریقے ہیں جن میں سے پہلا طریقہ یہ ہے کہ آپ ڈائریکٹ ہر زبان سے متعلق رواق (ہال) میں تشریف لے جائیں جیسے (آذری اور عربی زبان  کے لئے) رواق دارالرحمہ،(انگریزی اور فرانسوی زبان کے لئے) رواق ملل اور (برصغیر پاک و ہند کےلئے)رواق غدیر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ ٹیلی فون نمبر05132002800 یاحرم کے سوشل نیٹ ورکس00989905099035 یا پھر اپلیکیشن’’نسیم رضوان‘‘ کے ذریعہ رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید یہ بتایا کہ حرم میں موجود معلوماتی کیوسک پر بھی ’’مرشد الزائرین‘‘ کے عنوان سے راہنما موجود ہوتے ہیں جو آپ زائرین کی بہترین راہنمائی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے دیگر معلوماتی پلیٹ فارمز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’پیک زائرین‘‘ میگزین، حرم کے ٹی وی چینلز، پوسٹرز اور ہوٹلزمیں لگے اشتہارات کے ذریعہ بھی غیرملکی زائرین ان خدمات اور سہولیات کو حاصل کر سکتے ہیں۔
جناب ذوالفقاری نے بتایا کہ حرم امام رضا(ع) کے غیرملکی مسلم زائرین کو دی جانے والی خدمات چار طرح کی ہیں جن میں عبادت کے پروگرامز بشمول نماز جماعت، زیارت، دعا، تفسیر قرآن اور عربی ،آذری اور اردو میں منقبت خوانی کی محفلیں،دوسرے نمبر پر ثقافتی پروگرامز بشمول میوزیمز کا وزٹ، ’’حکایت آفتاب‘‘ نمائش کا وزٹ، تعلیمی  کلاسز اور بین الاقوامی سیمنارز،تیسرے نمبر پر شرعی خدمات جن میں دینی سوالات کے جوابات،جشن تکلیف کا انعقاد، حرم کے قوانین کو ملحوظ خاظر رکھتے ہوئے نکاح پڑھنا اور چوتھے نمبر پر خاص مناسبتوں جیسے محرم و ماہ رمضان میں دی جانے والی خدمات شامل ہیں۔
انہوں نے غیرمسلم غیرملکی زائرین کو دی جانے والی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غیر مسلم زائرین کو حرم کی جانب سے ایک راہنما دیا جاتا ہے جو انہیں حرم کا وزٹ کراتا ہے اس کے علاوہ حرم کے مقدس مقامات کا تعارف، حرم کی تاریخ  وغیرہ کو بیان کرتا ہے ، اس کے علاوہ حرم کے میوزیم کا وزٹ یا ان کے سوالات کے جوابات دینے کے لئے بھی دینی ماہرین موجود رہتے ہیں۔ اور جو افراد دین اسلام قبول کرتے ہیں ان کے لئے باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔
امید کرتے ہیں کہ جو زائرین بھی حرم امام رضا(ع) کی زیارت سے مشرف ہوتے ہیں ان خدمات سے بہرہ مند ہو سکیں۔

News Code 6276

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha