حرم امام رضا(ع) میں منعقد ہونے والےبین الاقوامی قرآنی مقابلوں میں دنیا کے 26 ممالک کے 57 قاریوں کی شرکت

مؤرخہ 26 جنوری2025 سے 31 جنوری2025 تک حرم امام رضا(ع) میں قرآن کریم کے 41 ویں بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں 26 ممالک کے 57قاریان قرآن حصہ لیں گے۔

آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ آستان قدس رضوی کی اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن میں قرآن کریم کے 41ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کے انعقاد سے متعلق پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں آستان قدس رضوی کی علمی و ثقافتی آرگنائزیشن کے سربراہ جناب عبد الحمید طالبی،صوبہ خراسان رضوی کے ادارہ اوقاف اور خیراتی امور کے ڈائریکٹر محمد احمد زادہ اوران قرآنی مقابلوں کے سربراہ جناب حمید مجید مہر نے شرکت فرمائی۔
صوبہ خراسان رضوی کے ادارہ اوقاف و خیراتی امور کے ڈائریکٹر نے اس پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر قرآن کریم سے متعلق سب سے بڑا قرآنی مقابلہ ہے جوکہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سفارت کاری میں خاص اہمیت کا حامل ہے جسے اس سال حرم امام رضا(ع) میں منعقد کیا جائے گا۔
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ابتدائی مراحل میں 104ممالک کے تقریباً400 شرکاء جن میں خواتین اورمرد دونوں شامل ہیں ان کا پانچ مختلف سبجیکٹ میں جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید یہ بتایا کہ ان بین الاقوامی قرآنی مقابلوں میں سب سے زیادہ بنگلہ دیش اور ایران سے ہیں۔ان کے بعد سب سے زیادہ شرکاء لبنان،آئیوری کوسٹ، انڈونیشیا اور عراق کے ہیں۔
اس کے علاوہ مصر،فلیپائن،نائجیریا،افغانستان،یمن،پاکستان،کرغزستان،گھانا،سینیگال،بحرین،تھائی لینڈ،کینیا،لیبیا،آسٹریلیا،تیونس،فن لینڈ، ہندوستان، تنزانیہ،جرمنی،کوموروس اور کینڈاسے بھی اس بین الاقوامی مقابلے میں حصہ لیں گے۔
 جناب احمد زادہ نے بتایا کہ ان بین الاقوامی مقابلوں کی اختتامی تقریب 31 جنوری 2025 کو منعقد ہوگی جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مملکت خصوصی طور پر شرکت فرمائیں گے۔
صوبہ خراسان رضوی کے ادارہ اوقاف و خیراتی امورکے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ان قرآنی مقابلوں کو 170 ریڈیو اور ٹی وی چینلز کے ذریعہ کوریج دی جائے گی۔
اس پریس کانفرنس کے دوران ان مقابلوں کے سربراہ جناب حمید مجیدی مہر نے بتایا کہ چالیس سالوں کے بعد پہلی بار ان مقابلوں کا انعقاد ایران کے دارالحکومت تہران سے باہر کیا جا رہا ہے اور یہ ایک منفرد اتفاق ہے ۔
انہوں نے مزید یہ بتایا کہ مقابلوں کے اس دورے میں لحن کے سیکشن میں جناب علی اکبر ملکشاہی،صوت کے سیکشن میں جناب صالح اطہری فرد،وقف و ابتداء کے سیکشن میں جناب سعید رحمانی،تجوید کے سیکشن میں جناب عباس امام جمعہ اور حفظ کے سیکشن میں جناب امیر آقایی ججزہوں گےاور جناب بہروز یاریگل ججنگ پینل کے سربراہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ ان مقابلوں میں 21 خواتین اور 36 مرد پانچ سبجیکٹس میں حصہ لیں گے۔
حضرت امام علی رضا(ع) سے منسوب قرآنی نسخے سے نقاب کشائی
آستان قدس رضوی کی علمی و ثقافتی آرگنائزیشن کے سربراہ نے بھی اس پریس کانفرنس میں گفتگو کی اور کہا مشہد مقدس میں قرآن و عترت کے درمیان گہرا تعلق اور بندھن ہونے کی وجہ سے مشہد مقدس قرآنی مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے ۔
انہوں نے مزید یہ کہا کہ پہلی بار حرم امام رضا(ع) میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
جناب عبد الحمید طالبی نے کہا کہ ان بین الاقوامی مقابلوں کے دوران حضرت امام علی رضا(ع) سے منسوب قرآنی نسخے کو جسے بین الاقوامی فاؤنڈیشن امام رضا(ع) اور آستان قدس رضوی کے تعاون سے زیور طبع سے آراستہ کیا گیا ہے نقاب کشائی کی جائے گی۔
جناب طالبی نے حرم امام رضا(ع) یں منعقد کئے جانے والے قرآنی پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آستان قدس رضوی کا قرآنی مرکز اور دارالقرآن الکریم دو قرآنی مرکز ہیں جن کے توسط سے حرم امام رضا(ع) میں متعدد قومی اور بین الاقوامی قرآنی پروگرامز منعقد کئے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس پریس کانفرنس کے اختتام پر اسلامی جمہوریہ ایران کے 41 ویں  بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کے پوسٹر سے نقاب کشائی کی گئ۔

News Code 5639

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha