حرم امام رضا(ع) میں قرآنی پروگرام ’’فی رحاب القرآن‘‘ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

حرم امام رضا(ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین کی کاوشوں سے سیدۃ النساء العالمین ،صدیقہ کبری حضرت فاطمہ زہراء(س) کے یوم ولادت کے موقع پر قرآن کریم کی سب سے بڑی محفل’’فی رحاب القرآن‘‘ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ رسول خدا حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی دختر گرامی حضرت فاطمہ زہراء(س) کے یوم ولادت کے موقع پر عظیم قرآنی فیسٹیول امام رضا(ع) کی افتتاحی تقریب ’’فی رحاب القرآن‘‘ کے عنوان اور مزاحمت کے موضوع پر اور«اَشهَدُ اَنَّکَ جاهَدتَ فی اللهِ حَقَّ جِهاده» کے شعار اور نعرے کے ساتھ حرم امام رضا(ع) کے رواق دارالمرحمہ میں منعقد کی گئی جس میں مختلف اسلامی ممالک کے زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت فرمائی۔

قرآن کریم سے مزیّن اور معطر اس روحانی محفل کا آغاز قاریان قرآن کی روایتی رسم سے ہواجس کے بعدآستان قدس رضوی کے نامور اور بین الاقوامی قاری قرآن جناب حمید رضا احمد وفا نے سورہ مبارکہ فتح کی چند ایک آیات کو اسلامی مجاہدین کی فتح کی نیت سے تلاوت کیا۔

پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین سید علی الحداد الموسوی نے اس سورہ مبارکہ کی تفسیر بیان فرمائی۔

اس نورانی محفل میں بین الاقوامی قاری قرآن جناب استاد علی رضا رضائی نے تلاوت کی،جناب احمد البدری نے ابتہال خوانی کی اور پاکستان کے نامور قاری قرآن جناب استاد سید ابراہیم رضوی نے قرآن کریم کی تلاوت فرمائی اور اس کے علاوہ حرم امام رضا(ع) کے چند مختلف زبانوں پر مشتمل گروپ نے منقبت خوانی کی۔

پروگرام کے اختتام پرحرم امام رضا علیہ السلام کے سربراہان اور خادمین کی موجودگی میں قرآنی فیسٹیول امام رضا(ع) کے پوسٹر سے نقاب کشائی کی گئی ۔

واضح رہے کہ قرآنی تقریب ’’فی رحاب القرآن‘‘ مؤرخہ 22 دسمبر2024 سے یکم جنوری2025 تک جاری رہے گی ، اس قرآنی پروگرام کی اختتامی تقریب ’’شہدائے مزاحمت‘‘ کے عنوان سے عالم اسلام کے سپہ سالار شہید حاج قاسم سلیمانی کے یوم شہادت کے موقع پر حرم امام رضا(ع) کی اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن میں منعقد کی جائے گی۔

News Code 5392

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha