عشرہ کرامت کے موقع پرحرم امام رضا(ع)میں منعقد کئے جانے والے پروگراموں کی تفصیلات

حرم امام رضا علیہ السلام کے ادارہ غیرملکی زائرین کی جانب سے گذشتہ برسوں کی طرح رواں سال میں بھی عشرہ کرامت کے موقع پر غیرملکی زائرین کے لئے مختلف پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔

آستان قدس رضوی کے ادارہ غیرملکی زائرین کے سربراہ نے عتبه نیوز کے نمائندے کو ان پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عشرہ کرامت؛ ایّام اللہ میں سے ہے جس کا آغاز اور اختتام،رسول اللہ(ص) کے خاندان کے دو اہم افراد کی ولادت سے ہوا ہے،یکم ذیقعد سے گیارہ ذیقعد کے ان ایّام کو عشرہ کرامت کانام دیا گیا ہے ۔

حجت الاسلام والمسلمین سید محمد ذوالفقاری نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ان ایّام میں غیرملکی زائرین  کی کثیر تعداد مشہد مقدس کا سفر کرتی ہے تاکہ روضہ منورہ امام رضا علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہو سکے،آستان قدس رضوی کی جانب سے اس موقع پر تشریف لانے والے زائرین کے لئے ثقافتی،عبادی اور دینی موضوعات پر خصوصی پروگرامزمنعقد کئے جائیں گے،تاکہ تمام غیرایرانی زائرین روضہ منورہ امام رضا(ع) کی زیارت کے ساتھ ساتھ اہلبیت(ع)کے معارف اور تعلیمات سے مستفید ہوں سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ عشرہ کرامت کے پروگراموں کا آغاز مؤرخہ۱۵ مئی۲۰۲۴ سے ہوگا،شب ولادت امام رضا(ع) کی مناسبت سے محفل جشن کا انعقاد،شعرخوانی،منقبت خوانی،قصیدے اور کتاب خوانی کے مقابلےجملہ اس رات کے پروگرامز ہیں۔
اس ادارے کی جانب سے ایک اور پروگرام عرب زبان زائرین کا ہے جس میں مختلف ممالک سےتعلق رکھنے والے ۱۰۰۰ عرب زبان زائرین پیدل چل کر حرم مشرف ہوں گے اور پھولوں سے بنے آٹھ گلدستے ہدیہ کریں گے۔

حجت الاسلام ذوالفقاری نے بتایا کہ اہلبیت (ع)کی سفارشات کو مدّ نظر رکھتے ہوئے رضوی ہسپتال میں ایڈمٹ غیرملکی مریضوں کی عیادت اور اس دوران ان مریضوں کو حرم امام رضا(ع) کے متبرک پرچم کی زیارت کے ساتھ حرم کے متبرک کھانےکا فوڈ ووچر بھی دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اہلبیت(ع) کی طرز زندگی پر بننے والی فلموں اور انیمیشنز کی حمایت کو مدّ نظر رکھتے ہوئے ’’اخت الرضا(ع)‘‘ فلم کے ہدایت کار اور عملے کواس عشرے کے موقع پر مدعو کیا گیا ہےتاکہ ان کے اس کام کو سراہا جا سکے، یہ فلم حضرت معصومہ(س)کی زندگی پر بنائی گئی ہے ۔
 گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ غیرملکی زائرین کی بچیوں کے لئے جشن تکلیف کے عنوان سے پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں ۵۰۰ سے زائد بچیاں شرکت کریں گی۔

حجت الاسلام ذوالفقاری نے اردو زبان زائرین کے پروگراموں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ’’شکوہ کرامت‘‘ کے عنوان سے روزانہ حرم امام رضا(ع) میں اردو زبان زائرین کے لئے خصوصی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے ،اس کے علاوہ  اردو زبان زائرین کا ہاتھوں میں پھول لے کر حرم امام رضا(ع) میں حاضر ہونا اوراجتماعی طور پر سورہ مبارکہ یس کی تلاوت،برصغیر پاک و ہند کی خواتین کے لئے ’’رایحہ رضوی‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد،’’امام رضا(ع) کی سیاسی و سماجی طرز زندگی‘‘ کے موضوع پر خصوصی نشستوں کا انعقاد اور ’’کریمان اہلبیت(ع)‘‘کے عنوان سے اردو زبان خواتین کے لئے محافل جشن کا انعقاد جملہ پروگرامز ہیں جنہیں اردو زبان زائرین کے لئے عشرہ کرامت کے موقع پر منعقد کیا جائے گا۔

حجت الاسلام ذوالفقاری نے بتایا کہ پاکستانی مخیر فرد کی جانب سے ۱۴ ہزار آئس کریمیں زائرین میں تقسیم کی جائیں گی، اس کے علاوہ منقبت خوانی کے مقابلے اور مشاعرے بھی منعقد کئے جائیں گے۔ 
 

News Code 4326

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha