عتبہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ بروز ہفتہ مؤرخہ ۱۶ مارچ۲۰۲۴ کو ایّام نوروز کے پروگراموں کی تفصیلات بتانے کے لئے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں آستان قدس رضوی کے نائب متولی جناب مصطفی فیضی نے بتایا کہ حرم امام رضا علیہ السلام میں ہر سال نئے شمسی سال کے آغاز پر زائرین اور مجاورین کو خصوصی خدمات فراہم کی جاتی ہیں،پچھلے سال سے ایّام نوروز ،ماہ مبارک رمضان میں آنے کی وجہ سے زائرین و مجاورین کو دی جانے والی خدمات میں دوبرابر اضافہ ہوا ہے ۔
جناب فیضی نے بتایا کہ نئے سال کے آغاز کے وقت دعائے توسل اور نئے سال کی دعا پڑھی جانے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لئے بھی متعدد پروگرامز منعقد کئے جائیں گے ۔
جناب مصطفی فیضی نے ماہ رمضان کے خصوصی پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال میں قرآنی پروگراموں کی مقدار اور معیار میں بھی بہتری آئی ہے ،اس سلسلے میں ماہ رمضان کے دنوں میں ۱۶مختلف پروگرامز منعقد کئے جائیں گے جن میں قرآنی محافل،ترتیل خوانی،بین الاقوامی تلاوت ،تفسیر قرآن،خواتین اور نوجوانوں کے لئے خصوصی قرآنی محافل وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اردو اور عرب زبان زائرین کے لئے رواق حضرت امام خمینی(رہ) میں خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔
جناب مصطفی فیضی نے مزید یہ بتایا کہ ماہ مبارک رمضان کے دوران ہر رات رواق حضرت امام خمینی(رہ)،شبستان مسجد گوہر شاد،صحن آزادی اور مقبرہ شیخ حرم عاملی میں چار دعائیہ پروگرامز منعقد کئے جارہے ہیں۔
انہوں نےخاندان کے سماجی مسائل اورپسماندہ علاقوں میں خدمات انجام دینے کو نظام کی ترجیحات میں سے قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان مسائل میں آستان قدس رضوی کی براہ راست کوئی ذمہ داری نہیں ہے لیکن ملک کے مختلف شعبوں کے ساتھ تعاون کرنا آستان قدس رضوی کی ترجیحات میں شامل ہے ۔
اس پریس کانفرنس کے دوران حرم امام رضا(ع) کے سربراہ اعلیٰ نے میڈیا اہلکاران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کو خدمات فراہم کرنے میں زیادہ سے زیادہ عوامی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا آستان قدس رضوی کے ایجنڈے میں شامل ہے ۔
جناب رضا خوراکیان نے حرم امام رضا علیہ السلام میں انجام پانے والے مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رواق امیرالمؤمنین(ع) کا تعمیراتی منصوبہ آستان قدس رضوی کا ایک اہم ترین منصوبہ ہے ،انہوں نے بتایا کہ رواق امیرالمؤمنین(ع) ۱۵ ہزار۷۰۰مربع میٹر پر مشتمل ہے اس رواق کو حرم امام رضا علیہ السلام کے صحن جمہوری اسلامی میں تعمیر کیا جا رہا ہے ،اس رواق کی تعمیر سے چھت پربیٹھ کرزیارت کی جا سکے گی۔
جناب خوراکیان نے مزید یہ کہا کہ سب سے زیادہ حساس اور وقت طلب منصوبوں میں سے ایک منصوبہ شیخ بہائی انڈر گراؤنڈ پورٹیکو منصوبہ ہے ،اس کے علاوہ بلدیہ انتظامیہ کے تعاون سے صحن پیامبر اعظم(ص) میں قبلہ کی جانب میوزیم اور پارکینگ کا منصوبہ بھی انجام پا رہا ہے ۔
جناب رضا خوراکیان نے حرم امام رضا(ع) میں واقع چائے خانوں کو عوامی مشارکت اور تعاون کا نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے مذہبی ادارے ،تنظیمیں اور مراکز وغیرہ ان چائے خانوں میں خدمات فراہم کرنے کے لئے باقاعدہ رجسٹریشن کرواتے ہیں تاکہ زائرین کو مخصوص فریم ورک کے اندرضروری خدمات فراہم کر سکیں۔
حرم امام رضا(ع) کےسربراہ اعلیٰ نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سال کے آخری چھ مہینوں میں ہر روز ہزار بچیوں کے لئے جشن تکلیف(بچیوں کے بالغ ہونے پر دینی مسائل سکھانے کی تقریب)منعقد کیا گیا ہے جن میں زیادہ تر عفاف و حجاب کے مسئلہ کو بیان کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ عوامی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے حتی مختلف مناسبتوں پر حرم امام رضا علیہ السلام کی تزئین و آرائش اور سجاوٹ ، ملک کے مختلف حصوں سے ہدیہ کئے گئے پھولوں سے انجام پاتی ہے ۔
پریس کانفرنس کے دوران آستان قدس رضوی کی تعلیمی و ثقافتی آرگنائزیشن کے سربراہ جناب عبدالحمید طالبی نے بھی گفتگو فرمائی ،انہوں نے ماہ مبارک رمضان کی آمد پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکام کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے دوران ماہ رمضان اور ایّام نوروز کے پروگراموں کے نفاذ کے حوالے سے ایک جامع دستاویز مرتب کی گئی ہے ۔
جناب طالبی نےبتایا کہ ماہ رمضان اور ایّام نوروز میں ۲۶۰دینی و تبلیغی پروگرامز منعقد کئے جائیں گےجن میں قرآنی محافل،زائرین کو دی جانے والی خدمات اور پسماندہ علاقوں میں اطعام اور افطاری کے مختلف پروگرامز شامل ہیں۔
انہوں نے ماہ مبارک رمضان میں قرآن پر توجہ دینے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کا شعار اور ماٹو’’آرام جان ہا،بہار حرم اور بہارزندگی‘‘ ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ امام رضا علیہ السلام کی روایت کو مدّ نظر رکھتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں اور غزہ کی مظلوم عوام کو مختلف پروگراموں میں یاد رکھا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ