حرم امام رضا علیہ السلام کے ادارہ امانات کےسربراہ جناب مہدی جدی کلاتی نے امانت والے دفاتر کی خدمات سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فی الحال اس ادارہ میں بطور امانت سامان رکھنے والے دفاتر کی تعداد۱۲ ہے جن میں ۱۴ ہزار تک سامان رکھنے کی گنجائش ہے البتہ خاص مواقع پر ان دفاتر کی تعداد بڑھا دی جاتی ہے ۔
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی نورانی و ملکوتی بارگاہ کے زائرین و مجاورین اپنا سامان بشمول بیگ اورسوٹ کیس وغیرہ ان دفاتر میں بطور امانت رکھوا سکتے ہیں،قابل توجہ ہے کہ دفاتر اماناتِ، حرم مطہر رضوی کے داخلی دروازوں پر اور اسی طرح انڈر گراؤنڈ پارکینگ نمبر۱ اور۳ پر واقع ہیں۔
جناب جدی کلاتی نے مزید یہ بتایا کہ وہ سامان جو چند دنوں تک ان دفاتر میں باقی رہے انہیں اسٹور میں منتقل کر دیا جاتا ہے اور پھر ان کے مالکان سے ان کے دیئے ہوئے فون نمبرز پر رابطہ کیا جاتا ہے ،تقریباً ہر سال دفاترِامانات میں ساڑھے ۸ ملین سے زائد سامان بطور امانت وصول کیا جاتا ہے ۔
قیمتی سامان اور اشیاء بطور امانت رکھوانے کے ۸ دفاتر مستقل ہیں
حرم امام رضا(ع) کے ادارہ امانات کے سربراہ نے بتایا کہ زائرین و مجاورین کی نقد رقم،زیورات،دستاویزات اور حتی موبائل سمیت دیگر کئی قیمتی ایشاء بطور امانت وصول کرنا اور بحفاظت انہیں واپس کرنا جملہ اس ادارے کے فرائض ہیں ۔
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس وقت حرم امام رضا علیہ السلام میں قیمتی اشیاء اور نقد رقم بطور امانت رکھنے کے ۸ مستقل دفاتر ہیں یہ دفاتر حرم امام رضا(ع) کے داخلی دروازوں جیسے باب الرضا(ع)،شیخ طوسی،شیخ طبرسی اور نواب صفوی کے علاوہ حرم امام رضا علیہ السلام کے صحن جمہوری اسلامی،صحن آزادی، صحن انقلاب اسلامی اور رواق دارالحجۃ میں واقع ہیں البتہ باب الجواد پر واقع دفتر امانات فقط خاص مواقع پر خدمات فراہم کرتا ہے۔
جناب جدی کلاتی نے بتایا کہ ان دفاتر میں امانت وصول کرنے کے بعداسے مخصوص سیسٹم میں درج کیا جاتا ہے اور پھر اس سامان کو پیک کر کے بحفاظت رکھا جاتا ہے اور زائرین کو اس سامان کی ایک رسید دی جاتی ہے جس کے ذریعہ وہ اپنا سامان واپس لے سکتا ہے ۔
ادارہ امانات کی دیگر خدمات
حرم امام رضا علیہ السلام میں گمشدہ اشیاء کے ملنے پر انہیں مخصوص دفاتر میں بحفاظت رکھا جاتا ہے اوراس چیز کو اس کے مالک تک پہچانے کی کوشش کی جاتی ہے ،ان گمشدہ اشیاء کا مرکز ی دفترصحن غدیر میں واقع ہے جو کہ چوبیس گھنٹے زائرین کو خدمات فراہم کرتا ہے ۔
اس ادارہ کے سربراہ جناب جدی کلاتی نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ خاص مواقع پر جہاں دفاتر کی تعداد بڑھا دی جاتی ہے وہیں پر چند ایک فیلڈ دفاتر بھی قائم کئے جاتے ہیں اس کے علاوہ خاص ایّام میں موبائل فون بھی امانت کے طور پر ان دفاتر میں رکھے جاتے ہیں۔
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ خواتین کو انڈر گراؤنڈ پارکینگ نمبر۱ اور۳ میں چادریں بھی اسی ادارے کے توسط سے فراہم کی جاتی ہیں اس کے علاوہ مختلف مناسبتوں پر جیسے ماہ صفر وغیرہ میں زائرین کی رہائش کا انتظام بھی اسی ادارے کے فرائض میں سے ہے ۔
آخر میں زائرین کرام سے اپیل ہے کہ وہ اپنا قیمتی سامان ان دفاتر میں بطور امانت رکھوا کر حرم امام رضا(ع) میں داخل ہوں تاکہ زیارت کرنے میں آسانی رہے اورزیارت انجام دینے کے فوراً بعد اپنا سامان ان دفاتر سے وصول کر لیں تاکہ دوسرے زائرین بھی ان خدمات سے مستفید ہو سکیں۔
آپ کا تبصرہ