عتبہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ محترمہ ڈاکٹر زہرا خوارزمی نے حضرت رضا(ع) عالمی کانگریس سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عالمی کانگریس حضرت رضا(ع) کے پانچویں دورہ میں رضوی معارف اور تعلیمات کو دیگر چند ایک اہم موضوعات کے ساتھ ملانے کی کوشش کی ہے تاکہ عصر حاضر میں دنیا اور انسانوں کو پیش آنے والے بعض مسائل جیسے انسانی حقوق،خاندان،شناخت،سیاست اور سماج کے لئے ہمارے پاس کچھ کہنے کو ہو،انہوں نے کہا کہ عالمی کانگریس حضرت رضا(ع) کے انعقاد کا اہم ترین مقصددنیا بھر میں رضوی ثقافت اور تعلیمات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عصر حاضر کے مسائل کے حل کے لئے راہ حل پیش کرنا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ اسی ہدف ومقصد کے تحت رواں سال کے اپریل میں پانچویں عالمی کانگریس حضرت رضا(ع) کو’’انصاف سب کے لئے اور ظلم کسی پر نہیں‘‘ کے عنوان سے منعقد کیا جائے گا،درحقیقت ہماری یہ کوشش ہے کہ حضرت امام علی رضا(ع) کے تہذیبی افکار میں اس مقصد کی تحقیق و تلاش کی جائے اوربہت ہی دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک عالمی کانگریس حضرت رضا(ع) کے سکریٹریٹ کو جو مضامین موصول ہوئے ہیں ان میں زیادہ تر مضامین ایسے ہیں جو محققین کے قومی اور مقامی مسائل سے متعلق ہیں جنہیں امام رضا علیہ السلام کے فرامین اور روایات سے ملا کر بیان کیا گیا۔
محترمہ خوارزمی نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ حضرت رضا(ع) عالمی کانگریس کی اہم ترین ذمہ داری، رضوی گفتار کو عالمگیر کرنا ہےاور اس چیز کا حصول فقط گفتگو کے ذریعہ ہی ممکن ہے یعنی ہمیں دنیا بھر کے علمی اور سول اداروں کے ساتھ گفتگو کی فضا پیدا کرنی ہوگی،البتہ ہم اس سلسلے میں بین الاقوامی اداروں اور آرگنائزیشنز کے ساتھ گفتگو کا آغاز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید یہ بتایا کہ اس سلسلے میں کانگریس کے لئے مختلف اور متعدد پری میٹنگزکے انعقاد کا اہتمام کیا گیا ہے ،اسی سلسلے کی تیرہویں پری میٹنگ عراق کے شہر بغداد کی المستنصریہ یونیورسٹی میں بروز بدھ مؤرخہ ۱۰ جنوری۲۰۲۴ کو تہران وقت کے مطابق صبح۱۰:۳۰ بجے منعقد کی جائے گی،جس میں عراق،مراکش،مصر،کویت اور لبنان کے پروفیسرز شرکت فرمائیں گے۔
عالمی کانگریس حضرت رضا(ع) کے بین الاقوامی سیکشن کی سکریٹری نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ پری میٹنگ عربی زبان میں منعقد کی جائے گی اوراس لنک https://meet.google.com/uip-zkcz-egy کے ذریعہ پری میٹنگ میں شرکت کی جا سکتی ہے ۔
آپ کا تبصرہ