عتبہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ کربلا میں مقدس مقامات کے متولیوں کے مابین ہونے والے اجلاس کے دوران جناب مالک رحمتی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات کے مابین رابطے اور تعاون کی ضرورت اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئےاجلاس کے تمام منصوبوں،نظریات و خیالات اور قراردادوں کا جائزہ لیا جانا چاہئے اور اس سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں اور آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں ان کے جائزہ کو شامل کیا جائے ۔
انہوں نے متولیوں کے تامّ الاختیار نمائندوں کی ایک کمیٹی یا بورڈ کو تشکیل دینے کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ تمام مقدس مقامامت کی جانب سے ضروری پالیسیوں اور اہداف کو معیّن کرنے کےلئے اس اقدام کو آئندہ منعقد ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے ۔
جناب رحمتی نے کہا کہ مختلف میٹنگز اور اجلاس کا انعقاد ضروری ہے لیکن اہداف و مقاصد کے حصول کے لئے باقاعدہ کاوشوں اور کوششوں کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے میڈٰیا کے مسئلہ کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ؛اہلبیت اطہار(ع) کی تعلیمات اور پیغام کو دنیا تک پہچانے کا ذریعہ ہے اور میں یہاں مناسب سمجھتا ہوں کہ آستانہ علویہ کا شکریہ ادا کروں جن کی جانب سے عید غدیر کے موقع پر مقدس مقامات کے میڈیا کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔
جناب رحمتی نے اسی تناظر میں تجویز پیش کی کہ میڈیا ذرائع اور وسائل کے ذریعہ ’’بامعرفت زیارت‘‘کی ترویج و تبین اور حصول کے لئے میڈیا مواد کی پروڈکشن کو بھی مقدس مقامات کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے ۔
اس کے علاوہ اجلاس کے مواد اور مطالب کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام مقدس مقامات کے تعاون سے اسٹریٹجک پالیسی اور ایک جامع مواصلاتی نقشہ تیار کرنے کی ضرورت کی بھی تجویز دی اور اسی طرح انہوں نے آئندہ کے اجلاس کو منعقد کروانے اور اس کی میزبانی کے لئے آستان قدس رضوی کی جانب سے آمادگی کا بھی اظہار کیا۔
آستان قدس رضوی کے نائب متولی نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصہ میں آستان قدس رضوی کی سماجی سرگرمیوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے جیسےیوتھ انسٹیٹیوٹ اور خواتین کے امور کے لئے باقاعدہ مرکز کی تأسیس کے ساتھ بعض دیگر سرگرمیوں کا اظہار کیا،انہوں نے ان مراکز کی چند اہم سرگرمیوں کو بیان کرتے ہوئے آستان قدس رضوی کے تجربات کو دیگر مقدس مقامات تک پہنچانے کے لئے آمادگی کا اظہار کیا تاکہ وہ بھی اس طرح کے اداروں اور مراکز کو تشکیل دے سکیں۔
انہوں نے زیارت کے مسائل میں سہولت کاری اور زائرین کی مشکلات کو حل کرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کے لئے سستی رہائش اورضروری اشیاءکی فراہمی،علاج و معالجہ اوراس طرح کے دیگر امورسے متعلق آستان قدس رضوی کے متولی کی جانب سے تاکید کی گئی ہے اور ان مسائل کو حل کرنے خصوصاً مشہد مقدس میں مختلف مناسبتوں پر جب زائرین کی تعداد زیادہ ہوتی ہے خصوصی توجہ دی جائے۔
جناب مالک رحمتی نے عربی بولنے والے زائرین بالخصوص عراقی زائرین کو آستان قدس رضوی کی جانب سے دی جانے والی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آستان قدس رضوی کے تمام تجربات کوعالم اسلام کے تمام مقدس مقامات تک پہنچائے جائیں گے اور اسی طرح ہم بھی آپ تمام کی تجاویز اور تجربات سے استفادہ کرنے کے لئے تیار ہیں تاکہ زائرین کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
گفتگو کے آخر میں کہا کہ ایران،عراق اور شام کے تمام مقدس مقامات کے متولیوں کے تیسرے اجلاس کی میزبانی کے لئے آستان قدس رضوی مکمل طور پر تیار ہے ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ سال نجف میں ہونے والے اجلاس کے بعد مقدس مقامات کے متولیوں کا یہ دوسرا اجلاس شمار کیا جاتا ہے ۔
اس سفر میں آستان قدس رضوی کے بین الاقوامی امور کے نائب ،علاج و معالجہ شعبہ کے ڈائریکٹر اور آستان قدس رضوی کے نائب متولی ہمراہ تھے ۔
اس اجلاس کے دوران قرآن پاک کی ہونے والی بے حرمتی پر شرکاء نے مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے اس غیر اخلاقی و غیر انسانی کام کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس اہانت آمیز فعل کے مرتکبین اور مجربوں کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے ۔بین الاقوامی آرگنائزیشن اور تنظیموں کے توسط سے ہونے والی اس ہتک آمیز اقدام پرمحرم الحرام کے پہلے دن تمام مقدس مقامات متفقہ رد عمل دیں اوراپنے پروگراموں میں قرآن کریم کو زیادہ سے زیادہ اہمیت دیں۔
آپ کا تبصرہ