حرم امام رضا(ع) میں چہلم امام حسین(ع) کے خادموں کے لئے’’اذن خدمت‘‘ کے عنوان سے روحانی تقریب کا انعقاد

حرم امام رضا(ع) میں ’’اذن خدمت خادمین اربعین‘‘ کے عنوان سے شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں حرم مطہر کے خادمین،بلدیاتی عملے کے نمائندے ،شہری منتظمین اور مشہد شہر کی اسلامک کونسل کے اراکین نے شرکت فرمائی۔

آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ مؤرخہ28جولائی 2025 بروز پیر کو چہلم امام حسین(ع) کے خادمین لئے ’’اذن خدمت‘‘ کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی جس کا مقصد امام رضا(ع) سے اذن طلب کر کے مشہد مقدس کی میونسپلٹی کے صفائی کرنے والے عملے کے کچھ افراد، بس ڈرائیورزاور مشہد مقدس کے شہری منتظمین کو کربلائے معلیٰ روانہ کرنا تھا تاکہ یہ افراد چہلم امام حسین(ع) پر زائرین کی خدمت کر سکیں۔
اس روحانی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد حرم امام رضا(ع) کے نائب منتظم اعلیٰ جناب محسن داوری نے حاضرین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ زائرین امام حسین(ع) کی خدمت کر سکیں ،یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے اس لئے آپ کو اس موقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے ۔ 
انہوں نے اربعین کے اس عالمی اجتماع میں ایرانی زائرین کی سماجی ذمہ داری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کروڑوں کے اجتماع میں ہمیں ظلم کے خلاف ملت ایران کی مزاحمت اور استقامت کے پیغام کو پوری دنیا تک پہنچانا ہے۔ 
جبری اور تحمیلی جنگ کے شہداء کی نیابت میں خدمت
تقریب کو جاری رکھتے ہوئے مشہد مقدس کے میئر جناب محمد رضا قلندر شریف نے خطاب کیا اور کہا کہ آج اس مقدس شہر کے خادمین مہربان امامؑ سے خدمت کا اذن طلب کرنے کے لئے اکھٹے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید یہ کہا کہ پورا سال یہ افراد مشہد مقدس میں امام رضا(ع) کے زائرین کی خدمت کرتے ہیں اور اس بار عراق تشریف لے جارہے ہیں تا امام حسین(ع) کے زائرین کی خدمت کر سکیں۔ 
انہوں نے بتایا کہ ان میں زیادہ تر افراد پہلی دفعہ کربلا مشرف ہو رہے ہیں ، یہ افرادشہداء کی جانب سے نیت کر کے عراق روانہ ہوں گے ، ان کی خدمات کا بنیادی محور سٹی سروسز، زائرین کی نقل و حمل اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد ہے تاکہ زائرین کی ہر لحاظ سے سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے۔
پروگرام کے تسلسل میں بلدیہ کے تین خدمت گزار اہلکاروں کو اعزاز سے نوازا کیا اور انہیں’’نشان خدمت‘‘ اورحضرت ابا عبد اللہ الحسین(ع) کے ایّام عزاء کی مناسبت سے سیاہ شالیں دی گئیں۔ 
تقریب کے اختتام پرمرثیے پڑھے گئے اور دعائیں مانگی گئیں اور تمام کارکنان کو الوداع کرتے وقت قرآن کریم کے نیچے سے گزارنے کی رسم ادا کی گئی ۔ 

News Code 6881

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha