حضرت امام محمد تقی الجواد(ع) کی شبِ ولادت کے موقع پر حرم امام رضا(ع) میں جشن کا انعقاد

حرم امام رضا علیہ السلام میں ولادت با سعادت امام محمد تقی الجواد علیہ السلام کے موقع پر اردو زبان زائرین و مجاورین کے لئے جشن کا انعقاد کیا گیا۔

آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ شب ولادت با سعادت فرزند امام رضا(ع) حضرت امام محمد تقی الجواد کے موقع پر حرم امام رضا(ع) کے رواق غدیر میں اردو زبان زائرین کے لئے خصوصی جشن کا انعقاد کیا گیا۔
اس خصوصی جشن کا آغاز نماز مغربین کے فوراً بعد زیارت رجبیہ سے کیا گیا جس کے بعد سید سجاد حسین موسوی نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
جشن کو جاری رکھتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین عارف حسین تہیم نے حضرت امام جواد علیہ السلام کو خدائی بخشش و سخاوت کا مظہر جانتے ہوئے کہا کہ حضرت امام جواد علیہ السلام کی ایک نمایاں خصوصیت بہت زیادہ بخشش اورکرم نوازی تھی،آپ کی سخاوت فقط شیعوں تک محدود نہیں تھی بلکہ غیر مسلم بھی آپ کی بخشش سے مستفید ہوتے تھے۔
انہوں نے امام جواد علیہ السلام کی زندگی کو رول ماڈل اور نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ امام(ع) کی طرز زندگی کو اپنے لئے نمونہ اور رول ماڈل قرار دیتے ہوئے سخی بن کر زندگی گزاریں تاکہ اللہ کی رحمت ہمارے شامل حال ہو سکے۔
اس محفل جشن میں ذاکر اہلبیت جناب عارف حسین زاہدی نے فرزند امام رضا(ع) حضرت امام جواد علیہ السلام کی شان میں اشعار پڑھے اور منقبت خوانی کی۔
واضح رہے کہ پروگرام کے اختتام پر محفل میں شرکت کرنے والے اردو زبان زائرین و مجاورین کو حرم امام رضا علیہ السلام کی جانب سے متبرک تحائف سے نوازا گیا۔

News Code 5568

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha