آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛آج کی رات زمین وآسمان والے سب مل کر حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا(ع) کے اکلوتے فرزند حضرت امام محمد تقی الجواد علیہ السلام کی ولادت کا جن منارہے ہیں،آج کی رات روضہ منورہ امام رضا(ع) کا آسمان دوسری راتوں سے زیادہ روشن دکھائی دے رہا ہے فرشتے قطار در قطار مولا رضا(ع) کو مبارک باد پیش کرنے کے لئے آ رہے ہیں۔
زائرین و مجاورین کی کثیر تعداد اپنے مولا و آقا امام رضا(ع) کو اس بابرکت مولود کی مبارک باد دینے کے لئے حرم رضوی میں حاضر تھی،حرم امام رضا(ع) کے مختلف صحنوں اور ہالز میں شب ولادت کی مناسبت سے محافل جشن کا انعقاد کیا گیا تھا، البتہ جشن کا مرکزی پروگرام حرم امام رضا(ع) کے رواق امام خمینی(رہ) میں کیا گیا جس میں حجت الاسلام والمسلمین سید مہدی واعظ موسوی نے خطاب کیا اور ذاکرین اہلبیت(ع) نے امام محمد تقی الجواد(ع) کی ولادت کی مناسبت سے اشعار اور منقبتیں پڑھیں۔
اس رات اہلبیت عصمت و طہارت(ع) کے چاہنے والے مشہد مقدس کے شہداء چوک پر ہاتھوں میں پھول لئے اکھٹے ہوئے اور پھر وہاں سے حرم رضوی تک پیدل چل کر آئے حرم پہنچنے پر امام رضا(ع) کو ان کے فرزند کی ولادت پر مبارک دی اور پھولوں کے نذرانے پیش کئے اور مولا سے عیدی طلب کی۔
قابل توجہ ہے کہ ولادت امام محمد تقی الجواد علیہ السلام کے موقع پر حرم امام رضا (ع) میں خصوصی طور پر چراغانی کی گئی اس کے علاوہ حرم کے مختلف صحنوں میں امام محمد تقی الجواد علیہ السلام کے نام مبارک کے کتبے نصب کئے گئے ۔
واضح رہے کہ شبِ ولادت امام محمد تقی الجواد علیہ السلام کے موقع پر حرم امام رضا(ع) کی جانب سے خصوصی طور پر زائرین و مجاورین کی پذیرائی کی گئی ۔
السَّلامُ عَلَيْكَ يَا أَمِينَ اللّهِ فِي أَرْضِهِ ، وَحُجَّتَهُ عَلَى عِبادِهِ ، السَّلامُ عَلَيْكَ يَا عَلیِ بنِ موسیَ الرِّضا(ع)اور شاید آج کی رات امام رضا(ع) کی نورانی بارگاہ میں محبت و عقیدت کا اظہار "اَلسَّلامُ عَلَیکَ یا اَبَالجَواد(ع)"ہو۔
News Code 5562
آپ کا تبصرہ