آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ آستان قدس رضوی کی میزبانی میں پہلی بار حرم امام علی رضا علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہونے والے خانہ بدوشوں کا مؤرخہ 7 جنوری2025 بروز منگل کو حرم امام رضا(ع) میں اجتماع منعقد ہوا جس میں آیت اللہ احمد مروی نے حضرت امام خمینیؒ اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی خانہ بدوشوں کے حوالے سے خصوصی نقطہ نظر کو ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ نے فرمایا تھا کہ ’’خانہ بدوش انقلاب کا سرمایہ ہیں‘‘امام خمینیؒ کے خانہ بدوشوں کے بارے میں اس طرح کے الفاظ سے ان کی قدر و اہمیت کا پتہ چلتا ہے ۔
انہوں نے مزید یہ کہا کہ جس کے پاس سرمایہ نہیں ہوگا اس کے ہاتھ خالی ہیں اور وہ کوئی کام بھی انجام نہیں دے سکے گا،لیکن جس کے پاس سرمایہ ہوگا تو وہ محنت اور کوشش کر سکے گا،امام (رہ) نے خانہ بدوشوں کو انقلاب کا سرمایہ قرار دیا ہے اور خانہ بدوشوں کے لئے ان الفاظ کا استعمال تمام دوسرے لفظوں کی طرح درست اور مناسب ہے ۔
آستان قدس رضوی کے متولی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ خانہ بدوش ملکی سرحدوں سمیت ملک کے تمام حصوں میں مؤثر انداز میں موجود ہیں ، دفاع مقدس کے دوران خانہ بدوش سپوتوں نے بے مثال قربانیاں دیں اور انقلاب و اسلام کے لئے شہیدوں کے نذرانے پیش کئے اور اسلامی انقلاب کی فتح کے بعد سالوں میں خانہ بدوش ملک دشمنوں اور بدخواہوں کی سازشوں کے خلاف اپنی پوری قوت اور طاقت کے ساتھ ڈٹے رہے ۔
انہوں نے کہا کہ خانہ بدوشوں کو ایرانی اور مسلمان ہونے پر فخر ہے وہ کسی بھی قبیلے سے تعلق رکھنے سے پہلے ایرانی ہیں اور انہوں نے اس بات کو اپنے عمل سے ثابت کیا اور اسلام و ایران دشمنوں کے تفرقہ انگیز منصوبوں کو ناکام بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
آیت اللہ مروی نے کہا کہ اقتصادی اور معاشی شعبوں میں بھی ہمارے ملک کے خانہ بدوشوں نے بہت سی سختیاں اور مشکلات برداشت کر کے بعض چیزوں میں خود کفیل ہوئے اور ملک کے لئے عظیم خدمات انجام دیں،ایثار اور فداکاری بہت بڑی خدمت ہے جو خانہ بدوشوں نے انقلاب اسلامی کی ہیں۔
انہوں نے اس بیان کے ساتھ کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ہمیشہ خانہ بدوشوں کی اہمیت اور ملک کے اس قیمتی سرمائے پرتاکید کی ہے ،کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نہ فقط خانہ بدوشوں کو ملکی سرحدوں کا محافظ سمجھتے ہیں بلکہ ملکی سطح پر غذا کی قلت کو پورا کرنے میں بھی ان کے کردار کو بہت اہم جانتے ہیں ۔خانہ بدوشوں نے محنت و لگن سے ہمیشہ ملک کے استحکام کو برقرار رکھنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے ۔
حضرت امام علی رضا(ع) کا حرم مطہر امید اور نجات کا مرکز ہے
آیت اللہ مروی نے اپنے خطاب کے دوسرے حصے میں کہا کہ ماہ رجب کے اعمال میں ایک مستحب عمل جس پر بہت تاکید کی گئی ہے وہ حضرت امام علی رضا(ع) کی زیارت ہے ،خداوند متعال نے آپ خانہ بدوشوں کو یہ توفیق عطا کی کہ اس بابرکت اور عظیم مہینے میں ولی خدا اور حجت خدا(ع) کی زیارت سے مشرف ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا پیغمبر اکرم(ص) نے اپنے دو فرزندان کو اپنے جسم کا ٹکڑا کہا ہے ؛پہلی حضرت فاطمہ زہراء(س) ہیں جن کے بارے میں فرمایا:’’فاطمہ(س) میرا ٹکڑا ہیں‘‘ اور دوسرے فرزند امام رضا(ع) ہیں جن کے بارے میں فرمایا:’’میرا ٹکڑا خراسان میں دفن ہوگا‘‘
آستان قدس رضوی کے متولی نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگرچہ تمام معصومین علیہم السلام عالم ہیں اور تمام فضائل اور خوبیاں مکمل طور پر ان میں موجود ہیں لیکن بعض معصومین کچھ خصوصیات میں ممتاز ہیں، دو معصوموں کے بارے میں ’’روؤف‘‘ کا لفظ استعمال ہوا ہے ایک پیغمبر خدا(ص) اور ایک حضرت امام علی رضا(ع)۔
آیت اللہ مروی نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ آپ سب اس ولی خدا اور حجت خدا کی نورانی بارگاہ کی زیارت سے شرفیاب ہوئے ہیں جہاں سے کوئی بھی ناامید اور مایوس ہوکر واپس نہیں گیا،یہ مہربان اور روؤف امام (ع) کی بارگاہ ہے ،امام علیہ السلام ہر شخص کی معرفت کے مطابق عطا کرتے ہیں اور کسی کو بھی نظر انداز نہیں کرتے۔
آستان قدس رضوی کے متولی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خانہ بدوشوں کو انقلاب اسلامی کا حامی اور ملکی امن و سلامتی اور ترقی کا اہم ستون قرار دیا۔
News Code 5531
آپ کا تبصرہ