حرم امام رضا(ع) میں شہدائے پارا چنار کے ایصال ثواب کے لئے مجلس کا انعقاد

حرم امام رضا(ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین کی کاوشوں سے پاکستان کے شہر پاراچنار میں دہشتگردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے شہداء کے ایصال ثواب و بلندی درجات کے لئے حرم امام رضا(ع) میں مجلس کا انعقاد کیا گیا۔

آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ شہدائے پارا چنارکی ایصال ثواب کی مجلس کا انعقاد حرم امام رضا(ع) کے رواق غدیر میں کیا گیا جس میں اردو زبان زائرین و مجاورین کی کثیر تعداد نے شرکت فرمائی۔
حجت الاسلام دیدارعلی اکبری نے دہشتگردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہادت ہمارا ورثہ ہے جوسید الشہداء حضرت ابا عبد اللہ الحسین سے ہمیں ملا ہے اس لئے ہم شہید ہونے سے نہیں ڈرتے بلکہ شہادت کو اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں۔
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پارا چنار کے مظلوم شہداء کربلا کے شہیدوں کی راہ پرگامزن ہیں اور فلسطین، غزہ،یمن اور لبنان کے مظلوموں کی طرح اپنے نظریات کے دفاع میں شہید ہوئے ہیں اور یہ راستہ جاری رہے گا۔
حرم امام رضا(ع) کے اردو زبان خطیب حجت الاسلام اکبری نے مزید یہ کہا کہ اسلام دشمنوں کے پاس جن میں سرفہرست امریکہ اور اسرائیل ہیں کوئی واضح منطق،آئیڈیالوجی یا نظریہ نہیں ہے اس لئے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون ان کے سامنے ہے اوردنیا بھر میں چاہئے وہ فلسطین، لبنان ہو یا پاراچنار بے گناہ انسانوں کو قتل کرتے ہیں اور اس چیز سے ان کی وحشی گری اور ظلم و بربریت کا پتہ چلتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سامراج کو یہ جان لینا چاہئے کہ وہ ان بزدلانہ اور وحشیانہ قتل و غارت گری سے ہمیں اپنے نظریات سے دور نہیں کر سکتا،ہم اپنے نظریات کے دفاع میں ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اسلام کے دفاع کا پرچم کبھی زمین پر گرنے نہیں دیں گے اوراپنے خون کے آخری قطرے تک اپنے نظریات پر ڈٹے رہیں گے۔
ایصال ثواب کی اس مجلس کو جاری رکھتے ہوئے نجف علی سعادتی نے زیارت امین اللہ پڑھی اورقاری قرآن جناب حمید رضا احمدی نے قرآن کریم کی چند ایک آیات کی تلاوت کی۔
واضح رہے کہ ذاکران اہلبیت(ع) جناب سید سجاد حسین موسوی نے اردو زبان میں اور جناب ضامن قاسم نے پشتو زبان میں اہلبیت(ع) کے مرثیے بھی پڑھے۔

News Code 5186

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha