محرم الحرام کی مناسبت سےحرم امام رضا(ع) میں مجالس و عزاداری کے پروگراموں کا آغاز

مظلوم کربلا حضرت ابا عبداللہ الحسین علیہ السلام کی شہادت کے ایّام شروع ہو رہے ہیں اور اس مناسبت سے حرم امام رضا(ع) سوگوار دکھائی دیتا ہے اورروضہ منورہ امام رضا علیہ السلام کے خادم مجالس امام حسین علیہ السلام کے انعقاد کے لئے تیاریاں کر رہے ہیں۔

حرم امام رضا علیہ السلام کے مقدس مقامات کے ڈائریکٹر نے آستان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ ’’اذن عزاء‘‘(یعنی عزاداری شروع کرنے کی اجازت) کے مراسم مؤرخہ6 جولائی2024 بروز ہفتہ کو ظہر کے بعدمنعقد کئے جائیں گے جس میں ماتمی انجمنیں اور حرم امام رضا علیہ السلام کے خدّام شریک ہوں گے ۔
جناب بہنام نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان مراسم میں ملک کی140 انجمنوں اوردس بین الاقوامی انجمنوں کو حرم امام رضا علیہ السلام کا متبرک پرچم ہدیہ کیا جائے گا،مراسم عزاء کے اختتام پر حرم امام رضا علیہ السلام کی ضریح مطہر پر سیاہ چادر چڑھائی جائے گی اور  گنبد مطہر پر نصب سبز پرچم کو اتار کر سیاہ پرچم نصب کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اباعبداللہ الحسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی یاد میں 63 دن تک حرم امام رضا(ع) سیاہ پوش رہے گا۔
مؤرخہ 7 جولائی2024 بروز اتوار کی صبح باقاعدہ طور پر ’’صلا‘‘ کے عنوان سے عزاداری کا پہلا پروگرام حرم امام رضا علیہ السلام کے خادموں کے توسط سے شروع کیا جائے گا،یہ پروگرام تین سو سالوں سے منعقد کیا جا رہا ہے جس میں اہلبیت(ع) کے ذاکر مرثیہ اور نوحے پڑھیں گے۔
پروگرام کا آغاز اس طرح سے ہوگا کہ حرم امام رضا(ع) کے خادم ’’حسینؑ حسینؑ‘‘ کا نوحہ پڑھتے ہوئے صحنوں کی طرف حرکت کریں گے ۔
حرم امام رضا علیہ السلام کے ادارہ تبلیغات اسلامی کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ عشرہ اوّل محرم الحرام کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام کے حسینیہ میں بھی مجالس امام حسین علیہ السلام منعقد کی جائیں گی۔
جناب حجت الاسلام حسین شریعتی نژاد نے بتایا کہ حرم امام رضا علیہ السلام کے صحن قدس میں مجالس کے انعقاد کے لئے حسینیہ(امام بارگاہ) بنایا گیا ہے جس میں مختلف اقوام اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی اپنی زبان اور اپنے اپنے طریقے سے عزاداری کا انعقاد کریں گے۔
مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ قم، صوبہ خراسان شمالی، خراسان جنوبی، صوبہ ہمدان، صوبہ بوشہر، صوبہ کھگیلویہ اور بویر احمد ، صوبہ سیستان وبلوچستان،صوبہ مازندران، صوبہ گلستان، صوبہ چھارمحال و بختیاری، صوبہ کرمان، صوبہ ہرمزگان، صوبہ خوزستان اور افغانستان اور پاکستان کے شیعہ اپنی اپنی زبان میں مجالس و عزاداری کا انعقاد کریں گے۔
واضح رہے کہ اس حسینیہ میں مجالس امام حسین علیہ السلام کا انعقاد ہر رات9 بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک کیا جائے گا۔

News Code 4631

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha