آستان قدس رضوی کے علمی و مذہبی کارنامے عالم اسلام کے لئے باعث  فخر ہیں؛آیت اللہ صدر

عراق کے معروف عالم دین آیت اللہ صدر نے آستان قدس رضوی کے مختلف شعبوں میں انجام دیئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آستان قدس رضوی کے علمی و ثقافتی کارنامے عالم اسلام کے لئے باعثِ فخر ہیں۔

عتبہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ عراق کے نامور عالم دین آیت اللہ سید حسین صدرنے بغداد میں حرم امام رضا(ع) کے متولی سے ملاقات کی       انہوں نے ایران کے شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کی اورآستان قدس رضوی کے حرم امام رضا(ع) میں دیئے جانے والے ثقافتی اور تعمیراتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حرم امام رضا(ع) میں بہت اچھے اقدامات انجام دیئے گئے ہیں جن کی وجہ سے یہ نورانی بارگاہ دنیا والوں کے لئے عالم اسلام کا خوبصورت چہرہ پیش کر رہی ہے ۔
عراق کے ممتاز عالم دین نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آستان قدس رضوی کی پیشرفت مختلف شعبوں میں جاری ہے کہا کہ آستان قدس رضوی نے اپنی وسیع اور متنوع سرگرمیوں سے اسلام کی مختلف جہات منجملہ علمی، اخلاقی، تربیتی اور روحانی و معنوی  پہلوؤں کواجاگر کیا اور اہلبیت (ع) کا مشن و مقصد بھی یہی ہے ۔
انہوں نے حجت الاسلام والمسلمین مروی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے مقام و منصب اور آپ کے علمی و اخلاقی کردار کو بہت زیادہ احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور آپ کوان ممتاز اور نامور علماء میں سے سمجھتا ہوں جو اہل علم و عمل ہیں۔
آیت اللہ صدر نے کہا کہ ایسی نسل کو پروان چڑھانا اور ایسے نوجوان بچوں اور بچیوں  کی تربیت کرنا جو دینی علم رکھنے کے ساتھ علمی و سائنسی شعبوں میں بھی قابلیت رکھتے ہوں بہت زیادہ قابل اہمیت ہے  اور آج عالم اسلام کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ متقی ،پرہیزگار اورتعلیم یافتہ  نوجوانوں کی تربیت اورایک طاقتور اور اسلامی معاشرے کی تعمیر و ترقی انبیائے کرام،آئمہ معصومین(ع) اور یقیناً حضرت امام خمینی(رہ) اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کا مشن و مقصد ہے ،نیز آپ نے بھی ایسی نسل کی تربیت کے لئے آستان قدس رضوی میں اہم اقدامات انجام دیئے ہیں۔
 عراق کے معروف عالم دین آیت اللہ صدر نے  کہا کہ میں دور سے آستان قدس رضوی کی سرگرمیوں اور اقدامات کا جائزہ لیتا رہتا ہوں اوراس نورانی و ملکوتی بارگاہ کے متولی سے متعلق جو خبریں موصول ہوتی ہیں میرے دل میں ان کی نسبت عزت و احترام بڑھ جاتا ہے ۔
 اہلبیت(ع) کے فضائل کو فروغ دینا آستان قدس رضوی کا دینی مشن ہے
اس ملاقات میں حرم امام رضا(ع) سے وابستہ مجموعے آستان قدس رضوی کے متولی اور منتظم اعلیٰ نے بھی اس مقدس آستانے کے چند ایک اہم اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دین و مذہب اور ثقافت کے میدان میں آستان قدس رضوی کا منشور حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی یہ حدیث مبارک ہے کہ جس میں آپ (ع) نے فرمایا: ’’ إنّ النّاسَ لَو عَلِمُوا مَحاسِنَ کَلامِنا لَاتَّبَعُونا؛اگر لوگ ہمارے کلام اور گفتار کی اچھائیوں کو جان لیں تو یقیناً ہماری پیروی کریں گے‘‘
حجت الاسلام والمسلمین مروی نے کہا کہ ہمارا عقیدہ ہے کہ مقدس مقامات فقط اولیاء اللہ کے مزارات نہیں ہیں بلکہ ان مقدس مقامات پر زندہ اور حاضر و ناظر امام کا وجود مبارک ہے اور جس طرح لوگ آئمہ معصومین(ع) کی ظاہری زندگی میں آپ(ع) سے کسب فیض کیا کرتے تھے اسی طرح ان مقدس مقامات سے بھی روحانی و علمی فیوضات اور برکات حاصل کرتے اور کرسکتے ہيں
انہوں نے کہا کہ آستان قدس رضوی جس طرح سے زائرین کی سہولیات وآسائش کے لئے کام کر رہا ہے اسی طرح ایرانی اور غیرملکی زائرین کی  دینی اور مذہبی معلومات اور شناخت کوبڑھانے کے لئے بھی کام کر رہا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی ہمیشہ زائراین کی دینی ومذہبی معلومات کو بڑھانے پر توجہ  دیتے اور ان مسائل پر تاکید کرتے ہیں۔
حرم امام رضا(ع) کے متولی نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں عراق کے بزرگ اور سرکردہ علمائے کرام اور مجتہدین کی جانب سے ایرانی صدر کی شہادت پر اظہار ہمدردی اور تعزیت کرنے پرسب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ المناک اور دلسوز واقعہ یقیناً ایک بہت بڑی مشکل کی گھڑی تھی لیکن ہمیں ان واقعات پر صبر کے ساتھ خدا پر توکل کرتے ہوئے آیت مبارکہ’’ انا للہ وانا الیہ راجعون‘‘ پڑھنی چاہئے ،البتہ اسلامی انقلاب کی فتح کے بعد سے ایرانی قوم  بہت سے دردناک اور عظیم واقعات سے گزری ہے ،  اسلامی انقلاب کے آغاز میں منافقین کی ایک دہشتگردانہ کاروائی میں ایران کا صدر اور وزیر اعظم شہید ہوگئے ، لیکن ہمیشہ حضرت امام خمینی(رح) اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی اعلیٰ قیادت اور ان کی گفتارایرانی قوم کے لئے باعثِ تسکین اورملکی معاملات کو سنبھالنے میں مددگار رہی ہے ۔

News Code 4540

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha