فلسطینی عہدیداروں  کا ایک وفد حرم امام رضا(ع) کی زیارت سے مشرف

حرم امام رضا(ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین کی میزبانی میں فلسطینی عہدیداروں اور منتظمین کا ایک وفدشہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی شہادت پر تعزیت پیش کرنے کے لئے حرم امام رضا(ع) میں حاضر ہوا

عتبہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ فلسطین سے  آنے  والے اس وفد نے حرم امام رضا (ع) کی زیارت سے مشرف ہونے کے بعد مؤرخہ ۵ جون۲۰۲۴ بروز بدھ کوحرم امام رضا(ع) کے صحن پیغمبر(ص) کے باب الہادی پر واقع فاطمیون ہال میں حرم امام رضا(ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید محمد ذوالفقاری سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اس ملاقات کے آغاز میں حرم امام رضا(ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین کے سربراہ نے وفد کے تمام افراد کو خوش آمدید   کہتے ہوئے بحرین سمیت دیگر چند عرب ممالک کو بھیجے گئے خط کے بارے میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اس خط میں لکھا گیا ہے کہ تمام ممالک پر فرض ہے کہ وہ مظلوم فلسطین کی حمایت کے لئے اقدامات انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں  فقط نعروں اور الفاظ تک اکتفا نہيں کرنا چاہئے  بلکہ ان پر عمل کرتے ہوئے حقیقی حمایت کا اظہار کیا جائے۔
اس ملاقات   میں  ایک فلسطینی عہدیدار نے ایران کے عظیم رہبرکی طرف سے مملکت فلسطین کے لئے انجام دیئے گئے اقدامات اور دوستانہ تعلقات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے تمام حکام اور عہدیداروں کی جانب سے آستان قدس رضوی کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وفد کے ہمراہ تشریف لانے والے ایک اور فلسطینی  عہدیدار نے کہا کہ بہت سارے ممالک فلسطین کو اپنا بھائی کہتے ہیں لیکن ان کا بھائی چارہ یوسف کے بھائیوں کے بھائی چارے جیسا ہے ،حقیقت میں وہ جو کچھ کہتے ہیں اس پر عمل نہیں کرتے حالانکہ ہمیں اس وقت تمام ممالک کے تعاون اور مدد کی ضرورت ہے ۔
فلسطین کے ایک اور اعلی عہدیدار  کا کہنا تھا کہ ہم حضرت امام خمینی(رہ) کی کاوشوں کو سراہاتے ہیں کیوں کہ ان کا ایک اہم مقصد فلسطین کی حمایت تھا۔
مذکورہ فلسطینی عہدیدار نے  اسلامی  انقلاب  کے عظیم کمانڈر شہید حاج قاسم سلیمانی کی اسرائیل اور داعش کو تباہ کرنے کی مسلسل کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اوران کے ساتھیوں کی شہادت پر   تعزیت پیش کرتے ہیں اور ان کی پاکیزہ ارواح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سلام بھیجتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل قریب میں مقبوضہ فلسطین غاصب اسرائیل کے چنگل سے آزاد ہو جائے گا۔
 ملاقات کے اختتام پر فلسطینی پرچم کے نقش والے رومال  اور چفئے کو حرم امام رضا(ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین کے سربراہ کو ہدیہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ فلسطینی   وفد نے حرم امام رضا(ع) کے صحن قدس اور مرکزی میوزیم کا بھی وزٹ کیا اور آخر میں رواق دارالمرحمہ میں نماز ظہرین جماعت کے ساتھ ادا کی ۔

News Code 4522

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha