سفیروں اور ثقافتی مشیروں کوچاہیے کہ وہ  امام رضا(ع) کے چاہنے والوں کو زیارتی سہولیات فراہم کریں

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کے سفیروں اور ثقافتی مشیروں اور ترجمانوں کو چاہئے کہ وہ دنیا بھر میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے چاہنے والوں کو زیارت کے لئے سہولیات فراہم کریں۔

عتبہ نیوز کی رپورٹ کےمطابق؛ حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کی سپریم کونسل کے اراکین کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں جو کہ بروز جمعرات مؤرخہ۲۸ دسمبر۲۰۲۳ کو حرم امام رضا علیہ السلام میں منعقد ہوا کہا کہ یہ عالمی اسمبلی  روضہ منورہ امام رضا(ع) کی روشنی کی ایک کرن اوراس نورانی بارگاہ کا ایک حصہ بن سکتی ہے ،جیسا کہ امام رضا(ع) سے ایک روایت میں یہ نقل ہوا ہے کہ «إنّ النّاسَ لَو عَلِمُوا مَحاسِنَ کَلامِنا لَاتَّبَعُونا، اگر لوگ ہماری کلام کی خوبیوں کو جان لیں تو یقیناً ہماری پیروی کریں گے»حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی یہ روایت عالمی اسمبلی اہلبیت(ع) کی تشکیل کا فلسفہ قرار پا سکتی ہے ۔

گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ثقافتی اور بین الاقوامی میدان بہت سارے شاندار کام تخلیق کئے جن میں سے دو بہت اہم تھے ،ان میں سے ایک’’عالمی کونسل تقریب مذاہب اسلامی‘‘ اور دوسرے نمبر پر’’عالمی اسمبلی اہلبیت(ع)‘‘ کی تشکیل ہے ، آپ نے ’’عالمی کونسل تقریب مذاہب اسلامی‘‘ کی تشکیل سے مسلم دنیا کو یہ پیغام دیا کہ مسلمانوں کے درمیان کوئی بھی نسلی،مذہبی یا قومی حد و مرز نہیں ہے ،ہماری حدود اسلام،استکبار اور عالمی کفر و الحاد ہے اس کے علاوہ دوسری تمام سرحدیں دشمنوں کی بنائی ہوئی ہیں۔
حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ عالمی اسمبلی اہلبیت(ع)درحقیقت مسلمانوں کے درمیان فکری و ثقافتی لحاظ سے باہمی یکجہتی اور اتحاد کے لئے قائم کی گئی،یعنی اہلبیت علیہم السلام کی نورانی تعلیمات سے مستفید ہوتے ہوئے جنہیں قرآن اور پیغمبر عظیم الشان(ص) کی تعلیمات سے ماخوذ کیا گیاہےمسلم دنیا کو ایک دوسرے کے قریب لا سکیں۔

 انہوں نے اہلبیت(ع) کی تعلیمات کو اسلامی  مذاہب کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی محکم اور مضبوط بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی کونسل تقریب مذاہب اور عالمی اسمبلی اہلبیت(ع) دونوں ایک دوسرے کو مکمل بناتی ہیں لہذا آستان قدس رضوی ان دونوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینےکے لئے اپنی بھرپور صلاحیتوں سے تعاون کرے گا۔

حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے کہا کہ عالمی کونسل تقریب مذاہب اسلامی اور عالمی اسمبلی اہلبیت(ع)دونوں مل کر دنیا بھر سے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے چاہنے والوں کے لئے حرم امام رضا(ع) کی زیارت سے مشرف ہونے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر خارجہ سے ہونے والی ملاقات میں ان وزارتخانوں میں ایک دفتر کے قیام کی تجویز پیش کی ہے جن کے ذریعہ دیگر ممالک میں رہائش پذیر ایرانیوں اور اہلبیت(ع) کے چاہنے والوں کو زیارت کی سہولیات فراہم کی جائیں،میری اس تجویز کا وزیر خارجہ نے خیر مقدم کرتے ہوئے ایک دفتر وزارت خارجہ میں تشکیل دیا ہے،جس پر میں ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

 انہوں نے مشہد مقدس کی زیارت کے لئے غیرملکی زائرین کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان سے مشہد مقدس کے لئے کوئی بھی براہ راست پرواز نہیں ہے ،اسی طرح پاکستان سے ہفتے میں فقط ایک فلائٹ اور وہ بھی فقط ایک شہر سے مشہد آتی ہے اس لئے بعض اوقات زائرین کو مشہد مقدس کی زیارت کے لئے کئی ممالک سے گزرنا پڑتا ہے ،افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ مختلف حکومتوں کے دوران کسی نے بھی زیارت کے مسئلے کو نہیں اٹھایااور ہمیشہ زیارت کے مسئلے کو سائیڈپر رکھا گیا،حالانکہ زیارت کے موضوع کو سائیڈ پر رکھنا یعنی اہلبیت عصمت و طہارت(ع)پر جفا اور ظلم کرنے کے مترادف ہے ۔

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے مزید یہ کہ الحمد للہ موجودہ حکومت ،زیارت اور روحانی امور کے سلسلے میں کافی متحرک ہے اور امام رضا علیہ السلام کی نورانی بارگاہ کے بارے میں ذمہ داری کا احساس کرتی ہے جس پر میں مشکور ہوں۔

حجت الاسلام والمسلمین مروی نے کہا کہ عالمی اسمبلی اہلبیت(ع) کا ایک کام یہ ہے کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی زیارت کی راہ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے شیعوں کو زیارت کے لئے سہولیات فراہم کرے،نیز دنیا بھر میں تعینات ہمارے ملک کے ثقافتی مشیر اور سفیر؛اس نورانی بارگاہ اور حضرت امام رضا(ع) کے دنیا بھر میں پائے جانے والے محبوں اور چاہنے والوں کے درمیان رابطہ قائم کرنے اور زیارت کی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس اجلاس کے آغاز میں عالمی اسمبلی اہلبیت(ع) کے سکریٹری جنرل آیت اللہ رضا رمضانی اورعالمی اسمبلی اہلبیت(ع) کی سپریم کونسل کے سربراہ آیت اللہ محمد حسن اختری نے اس عالمی اسمبلی کے اقدامات،سرگرمیوں اور پروگرامز سے متعلق ایک رپورٹ پیش کی،اور اس اجلاس کے تسلسل میں عراقی قومی تحریک حکمت کے سربراہ سید عمار حکیم نے عالم اسلام کے اتحاد اور عالمی اسمبلی اہلبیت(ع) کی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنے خیالات اور نظریات کا اظہار کیا۔

News Code 3173

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha