حرم امام رضا(ع) میں ماہ رجب المرجب کے اعتکاف کے لئے رجسڑیشن کا آغاز

حرم امام رضا(ع) میں مقدس مقامات کے نائب انچارج نے بتایا کہ حرم امام رضا علیہ السلام میں ماہ رجب المرجب کے اعتکاف کے لئے رجسٹریشن کرانےکا آغاز ۵ دسمبر۲۰۲۳ سے ہوگا اور رواں سال میں قرعہ اندازی کے ذریعہ ۱۲۰۰ افراد کو اعتکاف کے لئے منتخب کیا جائے گا۔

عتبه نیوز کی رپورٹ کےمطابق؛  ماہ رجب المرجب کے اعتکاف کی تفصیلات کے حوالے سے حرم امام رضا علیہ السلام میں میڈیا اہلکاران کی موجودگی میں پریس کانفرنس کا انعقاد ہواجس میں جناب امین بہنام نے اس بیان کے ساتھ کہ حرم امام رضا(ع) کے اعتکاف کے لئے رجسٹریشن  انٹرنیٹ اور ٹیکسٹ میسج کے ذریعہ انجام پائے گی، کہا کہ رواں سال میں جو افراد اعتکاف میں شرکت کرنا چاہتے ہیں وہ ۵ دسمبر سے ۱۴ دسمبرکے دوران اپنا نام etekaf.razavi.ir سایٹ پر اندراج کروا سکتے ہیں یا ۵۰۰۰۴۸۰۳۰ پر ۸ کا نمبر ٹیکسٹ میسج کر کے نام رجسٹریشن کے تمام مراحل مکمل کرکے اپنا نام ماہ رجب المرجب کے اعتکاف کے لئے درج کروا سکتے ہیں۔

جناب بہنام نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اعتکاف کے لئے نام اندراج کروانے  والوں کے درمیان ۲۲ دسمبر کو قرعہ اندازی منعقد کی جائے گی  ،اس قرعہ اندازی کے لئے درخواست دہندگان میں سے صرف ۹ اور۱۴ سال کے بچوں اور بچیوں کو قرعہ اندازی میں شریک نہیں کیا جائے گا۔

۲۶دسمبر کو قرعہ اندازی کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا

انہوں نے بتایا کہ حرم امام رضا علیہ السلام میں اعتکاف کے لئےکی جانے والی قرعہ اندازی کے نتائج کا اعلان  مؤرخہ۲۶ دسمبر۲۰۲۳ کو ہوگا جس میں منتخب افراد کو میسج کے ذریعہ اطلاع دی جائے گی۔

جناب بہنام نے مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ موسم سرد ہونے کی وجہ سے زائرین کو مسجد گوہر شاد کے صحن میں ٹھہرانا ممکن نہیں ہے  اس لئے مسجد کے چار شبستانوں میں معتکفین کو ٹھہرایا جائے گا جن میں شبستان نہاوندی اور شبستان میلانی میں مرد حضرات اور شبستان تبریزی اور شبستان سبزواری خواتین کے لئے مخصوص ہوگااور مسجد گوہر شاد کے باقی تین شبستان زائرین کی رفت وآمد کے لئے کھلے رہیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اعتکاف کا آغاز ۲۴ جنوری ۲۰۲۴ سے ہوگا ،رواں سال میں خواتین اور مرد معتکفین کو علیحدہ علیحدہ جگہوں پر بلایا جائے گا اوربسوں  کے ذریعہ انہیں وہاں سے حرم امام رضا علیہ السلام میں لایا جائے گا جس سے اسکورٹی چیکنگ کے لئے بھی کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔

انہوں نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اعتکاف کے ایّام میں جامع مسجد گوہر شاد کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا جہان پر معتکفین ۲۴ جنوری سے تین دن تک معتکف رہیں  گے اور سحری  و افطاری میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے بابرکت دسترخوان پر مہمان ہوں گے۔

 مقدس مقامات کے نائب انچارج نے مزید یہ بتایا کہ اعتکاف میں شرکت کرنے والوں کے لئے ۲۱جنوری۲۰۲۴ کوبریفنگ میٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مشہد مقدس میں رہنے والے مقامی افراد شرکت فرمائیں گے البتہ وہ افراد جو مشہد مقدس میں نہیں ہوں گے وہ ورچوئل اسپیس کے ذریعہ اس بریفنگ میٹنگ میں شرکت کر سکتے ہیں ،اس میٹنگ میں اعتکاف سے متعلق تمام نکات بشمول معتکفین کے لئے ضروری سامان وغیرہ سے متعلق تفصیلات دی جائیں گی۔

انہوں نے اس بیان کے ساتھ کہ اعتکاف میں شرکت کے لئے مردوں اور خواتین کی شرح مساوی ہے کہا کہ رواں سال اعتکاف کے لئے فقط ۱۲۰۰ افراد کی گنجائش ہے جن میں ۱۰ فیصد غیرملکی زائرین،۱۰ فیصد صوبہ خراسان رضوی کے علاوہ دیگر صوبوں کے زائرین اور۱۰ فیصد ان افراد کے لئے ہے جنہوں نے گذشتہ سال بھی حرم امام رضا(ع) میں ہونے والے اعتکاف میں شرکت کی تھی اور باقی۷۰ فیصد جگہ تمام درخواست دہندگان کے لئے ہے۔

جناب بہنام نے گذشتہ سال اعتکاف میں شرکت کرنے والے مختلف عمر کے افراد کے اعداد و شمار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ۲۰۲۳ میں ۸۹ غیرملکی زائرین،۱۵۰ صوبہ خراسان رضوی کے علاوہ دوسروں صوبوں کے زائرین اور تقریباً۱۱۰۰ مشہد مقدس میں رہنے والے افراد نے حرم امام رضا علیہ السلام میں ہونے والے اعتکاف میں شرکت فرمائی۔

 یہاں یہ بات قابل توجہ ہے کہ ہر سال ۱۳ سے۱۵ رجب المرجب تک حرم امام رضا علیہ السلام کی جامع مسجد گوہر شاد میں ادارہ تبلیغات کے تعاون سے اعتکاف کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔

اعتکاف کے ذریعہ معاشرے کی تعمیر اور تہذیب سازی
اس پریس کانفرنس میں آستان قدس رضوی کے ادارہ تبلیغات اسلامی کے نائب سربراہ نے اس بیان کے ساتھ کہ اعتکاف میں معاشرےکی تعمیر اور تہذیب سازی کی صلاحیت پائی جاتی ہے کہا کہ تین راتوں میں لاکھوں لوگ مساجد میں اعتکاف کے لئے بیٹھتے ہیں اس لئے اعتکاف تہذیب سازی میں بہت زیادہ کارآمد ہے ۔

حجت الاسلام والمسلمین جناب علی بخشی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی سورہ بقرہ کی آیت نمبر۱۲۵ میں خداوند متعال نے حضرت ابراہیم اور ان کے صاحبزادے سے جو عہد لیا تھا بیان ہوا ہے  کہ وہ خدا کے گھر کوطواف کرنے والوں اور ان کے لئے جو وہاں پر معتکف ہونا چاہتے ہیں پاک و پاکیزہ کریں۔
انہوں نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم حضرت ثامن الحجج علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی نورانی بارگاہ میں خدا کے بہترین بندوں کی خدمت کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ تمام دینی تقریبات کے لئے منفرد وجوہات اور فلسفے ہوتے ہیں جن میں ایک رجب المرجب یا ایّام البیض کا اعتکاف ہے جسے ۱۳,۱۴,۱۵ رجب المرجب کو منعقد کیا جاتا ہے ۔

حجت الاسلام والمسلمین بخشی نے مزید یہ کہا کہ انقلاب اسلامی سے پہلے بہت کم لوگ جانتے تھے کہ اعتکاف کیا ہے اس لئے انقلاب اسلامی کی ترقی میں سے ایک سنت اعتکاف ہے جسے خوش قسمتی سے دوبارہ زندہ کیا گیا ہے ۔

حرم امام رضا(ع) کے ادارہ تبلیغات اسلامی کے نائب نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اعتکاف کے ایّام میں نوجوان اور نوعمر افراد نماز شب پڑھتے ہیں اوراپنے عظیم پروردگار سے راز و نیاز کرتے دکھائی دیتے ہیں اور یہ سلسلہ تین دن تک پورے ملک میں جاری رہتا ہے ۔

انہوں نے مزید یہ کہا کہ اس عظیم اور خوبصورت مناسبت کو دکھانے میں میڈیا کا کردار بہت مؤثر ہے اس مناسبت اور تقریب کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے لئے فنکارانہ انداز میں بہترین الفاظ اور تصاویر کے ساتھ پیش کیا جائے ۔
حجت الاسلام والمسلمین جناب بخشی نے حرم امام رضا(ع)کے معتکفین کی توفیقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ثامن الحجج(ع) کی نورانی بارگاہ میں اعتکاف کرنے والے حجت خدا کے جوار میں بندگی کی مٹھاس کو محسوس کرتے ہیں  اور پھر حضرت امام علی رضا(ع) کے مہمان ہوتے ہیں۔

آستان قدس رضوی کے ادارہ تبلیغات اسلامی کے نائب سربراہ نےان ایّام میں منعقد ہونے والے  دینی و ثقافتی پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معتکفین کی سحری و افطاری کے وقف متعدد دینی و ثقافتی پروگرامز بھی منعقد کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سالوں کے تجربات کی بنیاد پر رواں سال اعتکاف کے پروگرامز گروپ صورت میں منعقد کئے جائیں گے یعنی ۳۰یا۴۰ افراد کے گروپوں کی صورت میں ثقافتی اور دینی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔

حجت الاسلام بخشی نےبتایا کہ  تربیت اولاد،حفظ قرآن اور احکام شرعی اورگھریلو اقتصاد وغیرہ جیسے موضوعات پر ان ایّام میں پروگرامز منعقد کئے جائیں گے،اس سال اعتکاف بروز جمعرات،جمعہ اور ہفتہ کے دن منعقد کیا جائے گا اس لئے شب جمعہ دعای کمیل اور جمعہ کی صبح دعاےندبہ بھی پڑھی جائے گی۔

انہوں نے  کتابخوانی،مختلف کتب کا تعارف،زیارت،امام شناسی اور معنویت و روحانیت سے متعلق صمیمانہ گفتگو اورعبادت و بندگی کو ان ایّام کے دیگر موضوعات قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعتکاف کے آخری دن  ظہرین کی نماز کے فوراً بعد اعمال امّ داوودبھی انجام دیئے جائیں گے۔

News Code 2888

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha