ہفتہ وحدت کی مناسبت سے اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے شعبہ قرآن کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمد حسن مؤمن نے عتبہ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے میں کتاب ’’المعجم فی فقہ لغۃ القرآن و سر بلاغتہ‘‘ کے مؤثر کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اتحاد و یکجہتی کی بنیاد قرآنی تعلیمات کی صحیح نشر و اشاعت پرہے لہذاعوامی سطح پر وحدت ویکجہتی حاصل کرنے کے لئے سب سے پہلے علمی و قرآنی میدان میں یکساں فہم حاصل کرنا ضروری ہے ،اس شاندار تصنیف میں الفاظ کا ہر لحاظ سے جامع اور مکمل جائزہ لیا گیا ہے تاکہ یکساں فہم تک پہنچا جا سکے ۔
انہوں نے اس بیان کے ساتھ کہ اس کتاب پر شیعہ مراجع کرام کی توجہ کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والے قرآنی اور اسلامی علوم کے ماہرین اور محققین نے بھی کافی توجہ دی ہے ،کہا کہ یہ کتاب عالم اسلام کے تمام مذاہب کے اقوال کی ایک جامع تفسیر ہے اس میں شافعی،مالکی،حنبلی،حنفی اور امامی مکاتب کے تمام اقوال اور نظریات بغیر کسی دخل و تصرف کے ذکر کئے گئے ہیں۔
کتاب المعجم کے ذریعہ قرآن کے لغوی ورثہ سے آشنائی
حجت الاسلام مومن زادہ نے مزید یہ بتایا کہ یہ کتاب مختلف موضوعات جیسے غریب القرآن، متشابه القرآن، وجوه و نظائر، اختلاف قرائات، اعراب، معانی القرآن، فقه اللغه، علوم و معارف اور اعجاز ادبی پر مشتمل ہے اس کتاب میں ہر موضوع کے مدخل کو اس کے بنیادی مادہ کی بنیاد پر ترتیب دیا گیا ہے اورہر مدخل کامختلف قرآنی علوم کے ذریعہ جائزہ لیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کتاب ’’المعجم‘‘ کو چار طرح سے درجہ بندی کی جا سکتی ہے ؛مفردات،اعلام قرآن،اعجاز اورتفسیر موضوعی۔ قرآن کریم کے لغوی ورثہ سے آشنائی بھی اس کتاب کا ایک اہم کارنامہ ہے جس میں قارئین کو لغت قرآن کی قدیمی ترین کتب سے لے کر معاصر ماخذ و منابع تک آشنا کرتا ہے ، اس کے علاوہ گزشتہ ۱۴ صدیوں میں لغت نگاروں کی آراء و نظریات سے واقف ہونے کے ساتھ ان کا آپس میں موازنہ بھی اس کتاب کی خاص خصوصیت ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس کتاب کی اور خصوصیت ’’الاستعمال القرآنی‘‘ کے عنوان سے تجزیاتی اور اجتہادی تفسیری مباحث ہیں جن میں الفاظ قرآن کے مفاہیم کو سمجھنے کے لئے آیات کا سبق و سیاق،تفسیر قرآن بہ قرآن،الفاظ کی بنیادی لغات اور الفاظ کا قرآنی آیات میں تکرار کو مدّ نظر رکھا گیا ہے ۔
کتاب المعجم؛قاہرہ سے ہندوستان کے شہر حیدرآباد تک
انہوں نے اس بات پر تاکید کی کہ کتاب ’’ المعجم فی فقہ لغۃ القرآن و سر بلاغتہ‘‘ کے ذریعہ مسلمانوں میں علمی اور عملی میدان میں اتحاد ویکجہتی پیدا ہوئی ہے ،یہ کتاب اب تک چند اسلامی ممالک منجملہ ہندوستان اور مصر وغیرہ میں مورد توجہ قرار پائی ہے اور قرآنی نمائشگاہوں میں اس سے رونمائی کی گئی ہے ۔
آستان قدس رضوی کی اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے شعبہ قرآن کریم کے سربراہ نے اس کتاب کی تقریب المذاہب خصوصیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب میں ۲۲۰ سے زائد دانشوروں،ادباء،اور مفسرین کے نظریات اور آراء پر توجہ دی گئی ہے اور اس کو تألیف کرنے کے لئے ۳۰۰ سے زیادہ ماخذ سے استفادہ کیا گیا ہے جن میں سے زیادہ تر ماخذ اہلسنت کے نظریات کو بیان کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید یہ کہا کہ جامعہ ازہر سے لے کر تیونس کی الزیتونہ یونیورسٹی تک کے نامور پروفیسرز اور مراکش سے عراق تک کے علماء قرآن نے اس کتاب کی تعریف کی ہے۔ اس کتاب کو مختلف کتب فیسٹیولز میں اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین مومن زادہ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم نے اس کتاب کی ترویج اور تعارف کے لئے کوئی خاص اقدام انجام نہیں دیا اور یہ تمام توفیقات جو حاصل ہوئی ہیں یہ قرآن کی برکت اور کتاب سے دلچسپی رکھنے والے افراد کی وجہ سے ہیں۔
آپ کا تبصرہ