آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ شب ولادت امیرالمؤمنین حضرت علی(ع) کے موقع پر غیرارادی جرائم میں ملوث قیدیوں کی رہائی پر ایک مہم چلائی گئی جسے ملکی چینلز اور رضوی ٹی وی پر براہ راست نشر کیا گیا،حرم امام رضا(ع) کے ایک خادم نے ’’ضامن آہو‘‘مہم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے ذریعہ حرم امام رضا(ع) کے خدام مالی اور غیرارادی جرائم میں ملوث قیدیوں کو رہائی دلواتے ہیں اور حتی قتل نفس میں سزایافتہ قیدیوں کو بھی رہائی دلوانے کی کوشش کی جاتی ہے اس مہم کے تحت اب تک بے شمار قیدی جیلوں سے رہاہوئے ہیں ۔
جناب خاکشور کا کہنا تھا کہ خداوند متعال کا شکر گزار ہونے کے ساتھ میرا اس بات پر عقیدہ ہے کہ اگر کوئی کسی مصیبت میں پھنسے ہوئے شخص کی مدد کرتا ہے تو یقیناً اس کا خاتمہ بالخیر ہوگا،اس لئے ہمیں اپنی حیثیت کے مطابق دوسروں کی مشکلات کو حل کرنے کی مدد کرنی چاہئے۔
اس پروگرام کے علاوہ چینل ون سےخصوصی پروگرا م منعقد کیا گیا جس میں آستان قدس رضوی کے نائب متولی جناب مصطفی فیضی نے گفتگو کرتے ہوئےبتایا کہ شب ولادت مولی الموحدین حضرت علی(ع) کے موقع پر آستان قدس رضوی اور ملک کی دیت کمیٹی کے تعاون سے 88 غیرارادی جرائم میں سزایافتہ قیدیوں کو رہائی دلوائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ آستان قدس رضوی کی کرامت رضوی فاؤنڈیشن نے 2021 سے شروع کیااور حالیہ برسوں میں اس سلسلے میں مختلف مہم کا آغاز کیا گیا اور عوامی سطح پر معاونت کی اپیل کا اعلان کیاگیا تاکہ عطیہ دہندگان اورمخیر حضرات کے تعاون سے غیرارادی جرائم کے قیدیوں کی رہائی کی راہ ہموار کی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ آج کی رات 88 قیدیوں کورہائی دلوائی گئی جن میں سے 30 قیدیوں کا تعلق صوبہ خراسان رضوی سے اور باقی قیدیوں کا تعلق دیگر 9 صوبوں سے ہے ۔البتہ گذشتہ تین برسوں میں 1000 قیدیوں کو رہائی دلوائی گئ ہے ۔
واضح رہے کہ شب ولادت امیرالمومنین حضرت علی(ع) کے موقع پر آستان قدس رضوی کی کرامت رضوی فاؤنڈیشن اور ملک کی دیت کمیٹی اورمخیر حضرات کے تعاون سے 8ارب تومان کی مالیت سے 88 قیدیوں کو رہائی دلوائی گئی۔
قیدیوں کی رہائی کے سلسلے میں حرم امام رضا(ع) کے رواق دارالہدایہ میں ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جہاں قیدیوں کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کو بلایا گیا اور قیدیوں کو جیل سے سیدھے حرم امام رضا(ع) کی زیارت کے لئے یہاں پر لایا گیا۔
غیرارادی جرائم میں ملوث33 قیدیوں کو رواق دارالہدایہ میں لایا گیا جہان پر ان کے بچے بچیاں اور گھر والے ان کے منتظر تھے جیسے ہی یہ قیدی اس رواق میں داخل ہوئے ’’یاضامن آھو‘‘ کی آواز سے پورا رواق گونج اٹھا ،بچے خوشی سے چیخنے لگے اور والدین آنکھوں میں خوشی کے آنسو بسائے اپنے اپنے پیاروں سے گلے ملے ۔
ان قیدیوں میں سے ایک قیدی کی بہن نے اپنے بھائی کی رہائی کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی،اس کا کہنا تھا کہ میرے لئے یہ معجزہ سے کم نہیں ہے ۔
ابوالفضل کی عمرآٹھ سال ہے جو اپنی بہن معصومہ کے ساتھ خاموشی سے کھڑا ہے جیسے ہی دور سے اپنے باپ کو دیکھتا ہے خوشی سے پھولا نہیں سماتا اور اپنے والد کی طرف بھاگتا ہے ۔ اسی طرح ہر قیدی اپنے گھر والوں سے مل رہا ہے شب ولادت مولائے متقیان کے موقع پر حرم امام رضا(ع) میں خوشیوں کا سماں تھا ۔
تقریب کے اختتام پر حرم رضوی کے خدام قیدیوں اور ان کے گھر والوں کو پھولوں کا ہدیہ پیش کرتے ہیں اور سب مل کر امام رضا(ع) کو ایک بار پھر سے سلام کرتے ہیں اوراشکبار آنکھوں سے مہربان اور رؤف امام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
مولود کعبہ ،امیرالمؤمنین حضرت علی(ع) کی شب ولادت کے موقع پر حرم امام رضا(ع) کے خادموں کی کاوشوں سے جیلوں میں قید غیرارادی جرائم میں ملوث قیدیوں کو رہائی دلائی گئی ۔
News Code 5601
آپ کا تبصرہ