آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ فرانسیسی،انگریزی،تاجکی،عربی،ہوسا،روسی،اردو،جرمن،سربیا،بنگالی،ترکی،آذری ، مالائی،ہورامی،اطالوی اور چینی زبانوں میں مختلف موضوعات پر منجملہ زیارت کے آداب،امام رضا(ع)، حدیث سلسلۃ الذہب،زیارت کی ثقافت اور زائر وغیرہ پرمتعدد کتب ترجمہ کرنے کے بعد شائع کی گئی ہیں۔
ذیل میں قارئین کے لئے اس فاؤنڈیشن کی جانب سےدنیا کی مختلف زبانوں میں ترجمہ کی جانے والی چند ایک کتب کا تعارف پیش کیا جا رہا ہے ۔
انگریزی زبان میں شائع کی جانے والی کتب کا تعارف
مختلف عناوین پر مشتمل کتابیں بشمول ’’امام رضا(ع) کی زیارت کے آداب‘‘،’’امام رضا(ع)شیعوں کے آٹھویں امام ‘‘،’’حضرت علی بن موسیٰ الرضا(ع) امام رأفت و معرفت‘‘،’’حرم امام رضا(ع) اور زیارت سے متعلق لغات‘‘جملہ چند ایسی کتب ہیں جنہیں رضوی سیرت کے موضوع پر انگریزی زبان میں شائع کیا گیا ہے ۔
ان میں ’’امام رضا(ع) کی زیارت کے آداب‘‘ نامی کتاب نمایاں ہے جس میں حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی زیارت کے اہداف و مقاصد اورآداب کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ امام کی معرفت ،روح اور جسم کی طہارت،جسمانی اور روحانی تیاری،خدا کی بارگاہ میں نماز،پروردگار کی بارگاہ میں دعا و مناجات،خدا کی بارگاہ میں بندگی کا عہد اور امام زمان(عج) کے ظہور کے لئے دعا جیسے موضوعات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے ۔
انگریزی زبان میں شائع ہونے والی ایک اور اہم کتاب’’امام رضا(ع) شیعوں کے آٹھویں امام‘‘ ہے جسے اس فاؤنڈیشن کے شعبہ یورپی زبان کی جانب سے ترجمہ کرنے کے بعد شائع کیا گیا۔
اس کتاب میں حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی حیات طیبہ،اخلاقی صفات،سماجی اور علمی پہلوؤں کا جائزہ،مفکرین اور دانشوروں کے ساتھ مناظرے، امام کی ولیعہدی اورامام رضا(ع) کا عباسی خلیفہ مامون کے ساتھ برتاؤ اور آپ(ع) کی شہادت جیسے موضوعات کو تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔
ایک اور کتاب’’حضرت علی بن موسیٰ الرضا(ع) ،امام رأفت و معرفت‘‘ ہے جس میں امام رضا(ع) کی مختصر زندگی،امامت،روحانی ، اخلاقی اور سیاسی شخصیت، مناظرے،اور مختلف ادیان و مذاہب اور مکاتب فکر کے بارے میں امام علیہ السلام کی آگاہی اور علم کو بیان کیا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ ’’حرم امام رضا(ع) سے متعلق لغات‘‘ پر مشتمل ایک کتاب بھی انگریزی زبان میں شائع کی جا چکی ہے ،چونکہ امام علی بن موسیٰ الرضا(ع) کے زائرین کی کثیر تعداد غیرملکی زائرین کی ہے جن میں سے بہت سارے انگریزی زبان میں بات کرتے ہیں اس لئے اس کتاب کے مصنف نے اسے تالیف کیا تاکہ اس بارگاہ کے خادم بہتر انداز میں زائرین کی خدمت کر سکیں۔
عربی زبان میں شائع ہونے والے کتب کا تعارف
ہر سال عرب ممالک کے بہت سارے زائرین حرم امام رضا(ع) کی زیارت سے مشرف ہوتے ہیں اس لئے آستان قدس رضوی کی اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کی جانب سے متعدد کتب کا عربی میں ترجمہ کیا گیا ہے ۔
عربی زبان میں ترجمہ ہونے والی جملہ کتب میں ’’المعارف الرافعۃ فی شرح الزیارۃ الجامعۃ‘‘،’’فیض الحرمین فی شرح منظومہ الثقلین‘‘،’’روض الجنان و روح الجنان‘‘،’’المعجم فی فقہ لغۃ القرآن و سر بلاغتہ‘‘ کی 35 ویں جلد اور’’عجائب البلدان‘‘ شامل ہیں۔
کتاب ’’روض الجنان و روح الجنان‘‘ عالم اسلام کی بہترین اور مفید ترین تفسیروں میں سے ایک ہے اور تاریخ میں امامیہ کی فارسی زبان میں سب سے زیادہ مقبول تصنیف ہے اس کتاب کے مؤلف جناب حسین بن علی بن محمد بن احمد خزاعی نیشابوری المعروف شیخ ابوالفتوح رازی ہے ۔
کتاب ’’المعجم فی فقہ لغۃ القرآن و سر بلاغتہ‘‘ قرآن،علوم قرآنی اور معارف قرآن کا انسائیکلو پیڈیا ہے کتاب کے مندرجات کو قرآنی کلمات کے اصلی کلمات کی بنیاد پر ترتیب دیاگیا ہے اور ہر لفظ کا علوم قرآن کے مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا گیا ہے ۔
یعنی لفظ کو لغوی اعتبار سے جانچنے کے ساتھ ساتھ اسے بنیادی علوم کے ذریعہ بھی جائزہ لیا جاتا ہے جس کے بعد علما اور دانشوروں کے نظریات اور آراء کو ذکر کیا جاتا ہے ۔
اسی ترتیب کو مدّ نظر رکھتے ہوئے علم تفسیر،بلاغت،شان نزول اور تاریخ وغیرہ سے بھی جانچا جاتا ہے ۔
کتاب ’’عجائب البلدان‘‘بھی عربی زبان میں تصنیف کی گئی ہے یہ کتاب جغرافیہ اور تاریخ میں مسلمانوں کا عظیم اور قدیمی ورثہ ہے جو صحیح ترین قلمی نسخوں سے پروف ریڈنگ کے بعد قارئین کے لئے دستیاب ہے ۔
یہ کتاب ایک انسائیکلوپیڈیا ہے جس میں تاریخی اور جغرافیا ، حیران کن اور دقیق اعداد و شمار،پھلوں اور پودوں کے فوائد،جانوروں کے جسم کے اعضاء کی خصوصیات وغیرہ شامل ہیں اس کے علاوہ تصاویر اورعمدہ کہانیاں بھی اس میں پائی جاتی ہیں۔
ایک اور گرانقدر کتاب ’’فیض الحرمین فی شرح منظومہ الثقلین‘‘ ہے جس میں نثر اور شاعری کی فصاحت و بلاغت کو یکجا کیا گیا ہے اس میں قرآن کریم سے متعلق اہم ترین اور مفصل مسائل کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اردو زبان میں شائع ہونے والی کتب کا تعارف
’’امام رضا(ع) کی زیارت کی فضیلت‘‘ کتاب کو اردو اور آذری زبان میں ترجمہ کر کے شائع کیا جا چکا ہے اور اس کے علاوہ ’’پیغمبر اسلام (ص) کی پاک آل کے مزارات‘‘،’’آئنہ الفت‘‘ اور’’اسلامی تاریخ،عبرتیں اور اسباق‘‘ وغیرہ جیسی کتابوں کو اردو زبان میں شائع کیا گیا ہے۔
کتاب ’’تاریخ اسلامی؛عبرتیں اور اسباق‘‘ میں جو کہ ’’التاریخ الاسلامی دروس وعبر‘‘ کا ترجمہ ہے جسے آیت اللہ العظمیٰ سید محمد تقی مدرّسی نے تحریر کیا تھا اس میں 61 ہجری سے 250 ہجری تک کےعصر آئمہ معصومین(ع) کے ساتھ عصری تحریکوں اور انقلابات کا جائزہ لیا گیا ہے ۔
ہوسا زبان میں تحریر کردہ کتاب’’سفر با خورشید ‘‘ کا تعارف
پیغمبراکرم(ص) اور آئمہ معصومین علیہم السلام ہمیشہ اپنے پیروکاروں کے لئے علمی رول ماڈل اور نمونہ رہے ہیں اور اپنے طرز عمل سے اہل ایمان کو صحیح رستے کی طرف رہنمائی کی ہے ، اسی سلسلے میں کتاب ’’سفر با خورشید‘‘میں جس میں امام رضا(ع)کے طرز زندگی اور تعلیمات کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ پیغمبر(ص) کے پاک خاندان کا تعارف کرایا گیا ہے ۔
اس کتاب کو محمد تقی فعالی نے ہوسا زبان میں ترجمہ کیا ہے
کتاب’’امام رضا(ع) دانای خاندان‘‘ کا سربیائي زبان میں اشاعت
اس کتب کو امیر سلمانی رحیمی، مرتضیٰ انفرادی اور بہزاد نعمتی نے تحریر کیا ہے اورسربیائي مترجم اور محقق جناب الکسانڈر دراگویچ نے ترجمہ کیا ہے ، حضرت امام علی رضا(ع) کے بارے میں سربیائي زبان میں ترجمہ کی جانے والی پہلی کتاب ہے ۔
اس کتاب میں امام رضاعلیہ السلام کی علمی، سماجی اور روحانی عظمت اور آپ کے فرامین کو بیان کیا گیا ہے اس میں اسلامی ثقافت کو مدّ نظر رکھتے ہوئے گفتگو کی گئی ہے جو کہ سربیا کے قارئین خصوصاً محققین کے لئے مفید ہے اور وہ اس کتاب کے ذریعہ شیعی ورثے اور تعلیمات کو بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیں۔
یہ کتاب 90 صفحات اور 8 ابواب پر مشتمل ہے ، ا س میں امام رضا(ع) کی زندگی،علمی،روحانی اور اخلاقی شخصیت،سیاسی زندگی، شہادت،فرامین اور تعلیمات، زیارت،مظہر توحید اور حرم مطہر شامل ہیں۔
آپ کا تبصرہ