محرم و صفر میں حرم امام رضا(ع) کے9  ہزار خُدّام 60 لاکھ زائرین کو خدمات فراہم کریں گے

حرم امام رضا علیہ السلام کے سپریم ڈائریکٹر نے محرم الحرام کے پہلے عشرے سے لے کر ماہ صفر تک منعقد کئے جانے والے تمام پروگراموں کی تفصیلات بتائیں۔

عتبہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ محرم و صفر کے حوالے سے حرم امام رضا علیہ السلام میں منعقد کئے جانے والے پروگراموں کی تفصیلات بتانے کے لئے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں حرم امام رضا علیہ السلام کے سپریم ڈائریکٹرجناب رضا خوراکیان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس سال حرم امام رضا علیہ السلام کا محرم و صفر کے حوالے سے محوری اور مرکزی شعار(ماٹو)’’آزادگانِ عالم سب حسینؑ کے خیمہ میں ‘‘ ہے،جس کا تذکرہ تمام میڈیا ذرائع میں کیا جانا چاہئے۔
جناب رضا خوراکیان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ عزاداری کا پہلا پروگرام’’اذن عزاء‘‘ کے عنوان سے منعقد کیا جا چکا ہے اس کے علاوہ گنبد مطہر پر سیاہ پرچم کی تبدیلی اور ضریح مطہر پر چادر کی تبدیلی کے ساتھ پورے حرم میں سیاہ بنرز اور پرچم نصب جا چکے ہیں ،ماہ محرم الحرام کے پہلے عشرے کے دوران ہر رات صحن انقلاب اسلامی میں عزاداری سید الشہداء کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید یہ بتایا کہ قومی اور بین الاقوامی  80 منتخب مذہبی انجمنوں کو حرم امام رضا علیہ السلام کی جانب سے پرچم ہدیہ کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی جو ماتمی دستہ یا مذہبی انجمن عزاداری کے لئے حرم مشرف ہوگی اپنے ساتھ پرچم، علم وغیرہ لا سکتی ہے لیکن طبل ،بانسری اور ڈھول وغیرہ حرم میں لانا ممنوع ہے ۔
انہوں نے حرم امام رضا(ع) کی متبرک غذا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز سے لے کر گیارہ محرم تک زائرین کی پذیرائی کے لئے حرم کے اطراف میں عوامی موکب لگائے گئے ہیں اور توقع یہ کی جارہی ہے کہ یوم عاشورا کے اختتام پر ساٹھ لاکھ زائرین کی پذیرائی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ خود مہمانسرا امام رضا علیہ السلام میں بھی کھانے کی تعداد بڑھا کرایک ٹائم کے کھانے کی تعداد پندرہ ہزار کر دی گئی ہے ،زائرین نسیم رضوان اپلیکیشن کے ذریعہ اس متبرک کھانے کے حصول کے لئے اپنا نام اندراج کروا سکتے ہیں۔
حرم امام رضا(ع) کے سپریم ڈائریکٹر نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حرم مطہر رضوی کے صحن قدس میں ’’حسینیہ حرم‘‘ بنایا گیا ہے جس میں مختلف اقوام اور مختلف صوبوں کے افراد اپنی اپنی روایات اور زبان کے مطابق عزاداری کا انعقاد کریں گے۔
اس کے علاوہ حرم امام رضا علیہ السلام کے آفیشل پروگرامز رواق امام خمینی(رہ) میں منعقد کئے جائیں اور خواتین کے لئے رواق نجمہ خاتون اور وہ رواق جو خواتین کے لئے مخصوص ہیں ان میں مجالس عزاء کا انعقاد کیا جائے گا ،محرم الحرام کے پہلے جمعہ کو شیرخوارگان حسینی کے مراسم صبح آٹھ بجے رواق امام خمینی(رہ) میں منعقد کئے جائیں گے ۔
بچوں کے لئے ’’عزاء خانہ فرشتہ ھا‘‘ کے عنوان سے مجالس کا انعقاد پہلے پانچ دن کبوترانہ میں اور آخری پانچ دن صحن امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام میں  ہوگا جس میں بچے عزاداری اور ماتم داری کریں گے۔
عاشورا کے دن مشہد مقدس کے امام جمعہ اور صوبہ خراسان رضوی میں ولی فقیہ کے نمائندے مقتل خوانی کریں گے  اس کے علاوہ شام غریباں میں خصوصی روایتی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔
عرب زبان اور اردو زبان زائرین کے لئے علیحدہ علیحدہ مجالس عزاء اور عزاداری و ماتم داری کے پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ تاسوعا اور عاشورا کے دن حرم امام رضا(ع) کے 9 ہزار اعزازی خادم زائرین کومختلف خدمات فراہم کریں گے۔

News Code 4655

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha