عشرہ فجر کے موقع پر حرم امام رضا(ع) میں منعقد کئے جانے والے پروگراموں کی تفصیلات

آستان قدس رضوی کے ادارہ تبلیغات اسلامی کے سربراہ نے عشرہ فجر کے موقع پر حرم امام رضا علیہ السلام میں منعقد کئے جانے والےخصوصی پروگراموں سے متعلق تفصیلات بتائیں۔

حجت الاسلام والمسلمین حسین شریعتی نژاد نے عتبہ نیوز کے نمائندہ سے گفتگو کے دوران عشرہ فجر کے موقع پر  منعقد کئے جانے والے پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان مبارک ایّام کے دوران حرم امام رضا علیہ السلام میں متعدد پروگرامز منعقد کئے جائیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ ان پروگراموں کا انعقاد حرم امام رضا(ع) کے مختلف رواقوں(ہالز) میں خصوصاً رواق امام خمینی(رہ) میں کیا جائے گا ،ان پروگراموں میں  حجت الاسلام حسینی قمی، حجت الاسلام سرلک،حجت الاسلام پناہیان،حجت الاسلام حاج علی اکبری،حجت الاسلام فرزانہ، حجت الاسلام ماندگاری اور آیت اللہ علم الہدی اور آیت اللہ صدیقی خطاب فرمائیں گے ۔

حجت الاسلام شریعتی نژاد نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ عشرہ فجر کے بابرکت ایّام کے دوران حرم امام رضا علیہ السلام میں مشرف ہونے والے زائرین و مجاورین ، ملک کے ممتاز اور نامور مداح خوانان جیسے جناب مہدی رسولی،جناب میثم مطیعی،جناب منصور ارضی  کے انقلابی اشعار اور ترانوں سے مستفید ہوں گے ،ان دس دنوں کے دوران حرم امام رضا(ع) کے مختلف صحنوں اور رواقوں میں انقلابی ترانے پڑھے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ خاص مہمانوں اور معزز شخصیات کی موجودگی میں انقلاب اسلامی کے موضوع پر لکھی گئی چند ایک کتب کا تعارف کرایا جائے گا اس کے علاوہ متعدد نشستوں اور میٹنگ کی صورت میں انقلاب اسلامی کے کارنامے ایرانی اور غیرملکی زائرین کے لئے بیان کئے جائیں گے ۔

آستان قدس رضوی کے ادارہ تبلیغات اسلامی کےسربراہ نے بتایا کہ انقلاب اسلامی کی فتح کی شب یعنی گیارہ فروری کی رات حرم امام رضا علیہ السلام کے رواق بزرگ امام خمینی(رہ) میں ’’اللہ اکبر‘‘ کی آواز بلند کرنے کے مراسم منعقد کئے جائیں گے ،اس رات میں حرم امام رضا علیہ السلام کے زائرین ’’اللہ اکبر‘‘ کے نعروں سے انقلاب اسلامی کے ساتھ تجدید عہد کریں گے۔

انہوں نے مزید یہ بتایا کہ گیارہ فروری یعنی انقلاب اسلامی کی فتح کے دن حرم امام رضا(ع) کے رواق حضرت زہرا(س) میں بچیوں کے لئے خصوصی جشن کا انعقاد کیا جائے گا،اس کے علاوہ مدرسہ پریزاد میں انقلاب اسلامی کے موضوع پر معرفتی نشستیں منعقد کی جائیں گی ،بچوں کے لئے رواق دارالمرحمہ میں انقلاب اسلامی کے موضوع پر110 میٹر لمبی پینٹنگ ورکشاپ کا انعقاد بھی جملہ ان پروگراموں میں شامل ہے جنہیں عشرہ فجر کے موقع پر منعقد کیا جائے گا۔

حجت الاسلام والمسلمین شریعتی نژاد نے بتایا کہ بچوں اور نوجوانوں کے لئے تین کتب تحریر کی گئی ہیں جن کا تعارف کرایا جائے گا اس کے علاوہ عرب زبان زائرین و مجاورین کے لئے شب شعر کا انعقاد کیا جائے گا اور انقلاب اسلامی کے موضوع پر فاطمیون ہال میں خصوصی نشستیں بھی منعقد کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ عشرہ فجر کی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) میں چوبیس گھنٹے مختلف پروگرامز منعقد کئے جائیں گے جن کے بارے میں مکمل معلومات نسیم رضوان سافٹ وئیر پر بھی اپلوڈ کی جائیں گے ۔

قابل توجہ ہے کہ یکم فروری سے گیارہ فروری کے دس دنوں کو عشرہ فجر کہا جاتا ہے ان دنوں میں حضرت امام خمینی(رہ) جلا وطنی سے واپس اپنے وطن یعنی ایران تشریف لائے اور گیارہ فروری 1979 کو انقلاب اسلامی کی فتح کا اعلان کیا گیا۔

News Code 3656

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha