عتبہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛تیرہ رجب المرجب کی رات ہے وہ رات جس میں عرش و فرش پر ہر سو’’حیدر حیدر‘‘ کی آواز سنائی دیتی ہے ،آج کی رات اس مبارک مولود کی برکت سے عرشی و فرشی سب خوشیاں منا رہے ہیں،حرم امام علی رضا علیہ السلام کے زائرین بھی اپنے مولا و آقا حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کو مولود کعبہ کی مبارک باد دینے کے لئے حاضر ہوئے ہیں۔
حرم امام رضا علیہ السلام میں شب ولادت امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کا خصوصی جشن نماز مغربین کے فوراً بعد زیارت امین اللہ کی قرائت سے شروع ہوا جس کے بعد مداح خوانان اہلبیت(ع)جناب ابراہیم قانع اور مہدی پابندہ فر نے قصیدے اور منقبتیں پڑھیں اور ان کے بعد’’گلدستہ ہای حرم‘‘ گروپ نے مل کراشعار پڑھے۔
اس جشن میں حجت الاسلام والمسلمین مہدی ماندگاری نے امیرالمؤمنین حضرت علی(ع) کی ایک گرانقدر حدیث« اَعینونی بِوَرَعٍ وَ اجتِهادٍ وَ عِفَّةٍ وَ سُدادٍ» پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس حدیث میں چار ایسے کلیدی نکات بیان کئے گئے ہیں جن کے ذریعہ انسان امیرالمؤمنین اور ان کی اولاد کی مدد کر سکتا ہے۔
انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ جو امیرالمؤمنین حضرت علی(ع) کا یار و یاور بننا چاہتا ہے اسے سب سے پہلے ’’ورع‘‘پرہیزگاری اختیار کرنی ہوگی،’’ورع‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنے آپ کو ایسے حالات سے دور رکھے جو گناہ کا باعث بنیں۔
انہوں نے مزید یہ کہا کہ امیرالمؤمنین اور ان کی پاک اولاد کی نصرت و مدد کے لئے دوسری خصوصیت جو ہم میں ہونی چاہئے وہ ’’عفت‘‘ ہے ،عفت کا مطلب یہ ہے کہ انسان گناہوں سے باز آئے اور خدا کی طرف رجوع کرے،جس شخص میں یہ صفت نہیں ہوگی وہ امیرالمؤمنین کا اچھا دوست اور محب نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ امیرالمؤمنین کی نصرت و مدد کرنے والوں کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ وہ بھرپور کوشش کرنے کے ساتھ ساتھ محنتی اور راہ حق پر استوار رہتے ہیں،امیرالمؤمنین اور ان کی پاک و پاکیزہ آل و اولاد کی مدد جیسا کہ ہمارے زمانے میں آپ(ع) کے فرزند حضرت امام زمان(عج) ہیں ان کی نصرت و مدد فقط شعار دینے اور نعرے لگانے سے ممکن نہیں ہے ۔
حجت الاسلام ماندگاری نے کہا کہ آج امیرالمؤمنین حضرت علی(ع) کے فرزند امام زمان(عج) پردۂ غیبت میں ہیں ان کے ظہور کے لئے دعا کرنے کے ساتھ ساتھ ہم میں ان کی نصرت و مدد کے لئے ضروری خصوصیات بھی پائی جانی چاہئیں،تاکہ ظہور کے وقت ہمارا شمار آپ کے انصاروں اور مددگاروں میں ہو سکے۔
قابل توجہ ہے کہ جشن کے اختتام پر امیرالمؤمنین حضرت علی(ع) کی شان میں اشعار بھی پڑھے گئے ۔
آپ کا تبصرہ