ہمارا فرض بنتا  ہے کہ حضرت امام علی رضا(ع) کے ساتھ لوگوں کا گہرا اور مضبوط تعلق قائم کریں

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے کہا کہ حرم امام رضا علیہ السلام کے تمام خادموں کایہ فرض بنتا ہے کہ وہ ایسی شرائط فراہم کریں جن سے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے ساتھ لوگوں کا تعلق گہرا اور مضبوط ہو۔

عتبہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے روضہ منورہ امام رضا(ع) کے سربراہ اعلی کی تعارفی تقریب کے دوران حضرت علی(ع) کی روایت«رَحِمَ اللّه ُامرَأً عَرَفَ قَدرَهُ،خدا کی رحمت ہو اس شخص پرجو اپنی حد و حدود کو پہچانتا ہو» بیان کرتے ہوئے کہا کہ خداوند متعال نے حرم امام رضا(ع) کے خادموں کو اس نورانی بارگاہ کی خدمت کی توفیق سے نوازا ہے ،اس لئے خادموں کو اس بات کی طرف متوجہ رہنا چاہئے کہ وہ کس عظیم اور روحانی مقام پر فائز ہیں۔

انہوں نے مزید یہ کہا کہ روضہ منورہ امام رضا(ع) کوئی معمولی جگہ نہیں ہے اس نورانی بارگاہ میں کام کرنا دیگرملازمتوں اور پیشوں کی طرح کوئی عام پیشہ یا کاروبار نہیں ہے یہ حرم مطہر ،حجت خدا اور ولی خدا کا گھر اورفرشتوں کی آمد و رفت کی جگہ ہے ،متعدد ممتاز علمائے کرام اور مذہبی راہنماؤں سمیت لاکھوں کروڑوں لوگوں کی خواہش تھی کہ وہ اس جگہ پر خدمت کر سکیں، لیکن خدمت کی یہ توفیق انہیں حاصل نہیں ہو سکی۔

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے کہا کہ روضہ منورہ امام رضا(ع) کے خدمت گزاروں کو اس نورانی بارگاہ میں خدمت کی اس عظیم نعمت کی قدر کرنی چاہئے ،اس نورانی وملکوتی بارگاہ کے تمام اداروں کو حرم مطہر اور امام رضا(ع) کے زائرین کی دل وجان سے خدمت کرنی چاہئے،کیونکہ ان تمام اداروں کے قیام کا مقصد زائرین کو مناسب سہولیات اور بہترین سروسزفراہم کرنا ہے ۔

انہوں نے اس بیان کے ساتھ کہ ہمارا ہدف و مقصد یہ ہے کہ لوگوں کا ان کے امام(ع) کے ساتھ گہرا تعلق اورمضبوط رابطہ قائم ہو سکے،کہا کہ ہم یہاں پر فقط مزار کی سرپرستی نہیں کرتے بلکہ ہم اپنا فریضہ سمجھتے ہیں کہ لوگوں کا ان کے امام (ع)کے ساتھ تعلق اور رابطہ قائم کریں،لہذا زائرین کے ساتھ اس نورانی بارگاہ کے خدمت گزاروں کا سلوک اور رویّہ اس طرح کا ہونا چاہئے کہ جو بھی اس نورانی بارگاہ کی زیارت سے مشرف ہو اسے سکون ملے اور اس کے دل میں دوبارہ زیارت کرنے کی خواہش پیدا ہو ۔

حجت الاسلام والمسلمین مروی نےاپنی گفتگو کے تسلسل میں حرم امام رضا علیہ السلام کے اندر با حجاب رہنے کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ حرم امام رضا علیہ السلام میں حجاب کی پابندی ایک ناقابل تردید ضرورت ہے اس لئے اس بارگاہ کےتمام خدمت گزاروں پر واجب ہے کہ اگر حجاب کی پابندی میں ذرا سی بھی کوتاہی نظر آئے تو اسے اچھے اخلاق کے ساتھ تذکر دیں اور اس سلسلے میں اس کی راہنمائی کریں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امربالمعروف کرنے اور برائی سے منع کرنے کے لئے ایسا رویّہ نہیں اپنانا چاہئے جس سے لوگوں میں نفرت پیدا ہو،پیغمبر گرامی اسلام(ص) نے جب حضرت معاذ(رض) کو دین مبین اسلام کی تبلیغ کے یمن بھیجا تو فرمایا’’یا معاذ بشر ولا تنفر؛اے معاذ خوشخبری دو اور نفرت پیدا نہ کرو‘‘یعنی دین کی دعوت اور تبلیغ کے سلسلے میں ایسی گفتگو نہ کی جائے جس کی وجہ سے لوگ دین سے متنفر ہو جائیں ،حجاب کے لئے بھی صحیح اور مناسب طریقے سے راہنمائی کی جائے ۔

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے اس بات پر تاکید کی کہ آج تک کسی کو بھی اسلام قبول کرنے اور شرعی فرائض کی انجام دہی پر مجبور نہیں کیا گیا،حرم امام رضا علیہ السلام میں حجاب کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں ،حرم امام رضا(ع) کے داخلی دروازوں پر خواتین کے لئے ایسے کمرے بنائے گئے ہیں جہاں پر انہیں چادریں فراہم کی جاتی ہیں ،ان کمروں میں خواتین کو چادریں فراہم کرنے کےساتھ ساتھ ان کی بہترین انداز میں راہنمائی بھی کی جاتی ہے ۔

انہوں نے ایک بار پھر سے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ حرم امام رضا(ع) ایک مقدس اور حرمت والی جگہ ہے اس لئے یہاں پر ذرہ برابر بھی بے حرمتی نہیں ہونی چاہئے ،انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ لوگوں اور امام (ع) کے درمیان دوری یا فاصلہ پیدا کریں،ہمارا فرض بنتا ہے کہ امام رضا علیہ السلام کے ساتھ لوگوں کا گہرا اور مضبوط تعلق قائم کریں؛مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراداس نورانی بارگاہ کی زیارت سے مشرف ہوتے ہیں جو کہ سب کے سب عقیدت مند اور حضرت امام رضا(ع) کو چاہنے والے ہیں،اگران سے غفلت یا لاپرواہی کی وجہ سے کوئی خطا ہوتی ہے تو پیار ومحبت کے ساتھ انہیں اسلامی حجاب پہننے کی دعوت دی جائے ۔
حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے اس بیان کے ساتھ کہ خادموں کو ہروقت خدمت کے لئے حاضر رہنا چاہئے،کہا کہ میں تمام خدمت گزاروں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ حرم مطہر کے انتظامات کے لئے ہرممکن تعاون کریں ،یہ نورانی بارگاہ امام رضا علیہ السلام کا گھر ہے ،اس لئے تمام شعبہ جات اور تمام امور ،روضہ منورہ کی شان کے مطابق ہونے چاہئے ۔

تقریب کے اختتام پر ’’جناب رضا خوراکیان‘‘ کو حرم امام رضا علیہ السلام کا نیا سربراہ اعلیٰ تعینات کیا گیا،ان سے پہلے جناب مصطفی فیضی اس منصب پر خدمت کے فرائض انجام دے رہے تھے جو کہ اب حرم امام رضا علیہ السلام کے نائب متولی ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے  کہ مشہد مقدس میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمائندہ دفتر نشر و اشاعت،آستان قدس رضوی کے متولی کے دفتر کے سربراہ،قدس اخبار کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سربراہ،خراسان ثقافتی آرٹ انسٹیٹیوٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر،آستان قدس رضوی کے ادارہ یوتھ ایڈوائزری سروس اینڈ سوشل ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے منیجنگ ڈائریکٹرکے علاوہ آستان قدس رضوی کے پانچ سالہ ایجنڈا کمیٹی کی رکنیت بھی جناب رضا خوراکیان کے سابقہ ریکارڈ میں شامل ہے ۔

News Code 3497

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha