حرم امام رضا (ع) کی جانب سے بچوں کیلئے زیارتی اور تربیتی ہال کا افتتاح؛ روزانہ ۷۰۰ ننھے زائرین کیلئے پروگرام کا انعقاد

حرم حضرت امام رضا (ع) میں بچوں کی تربیت اور دیگر علمی اور ثقافتی سرگرمیوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے حرم کے متولی کے ہاتھوں ایک ہال کا افتتاح کیا گیا ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر ۷۰۰ بچوں کو ان کے والدین کے ہمراہ زیارت اور معارف سے آگاہ کیا جاتا ہے۔

عتبہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق، آستانہ قدس رضوی کے ادارہ برائے تبلیغات اسلامی کے نائب سربراہ نے اس حوالے سے کہا کہ بچوں کیلئے ایک ہال کو مختص کرنا، حرم حضرت امام رضا علیہ السّلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی کی دیرینہ خواہش تھی، تاہم ان کی اس خواہش کے مطابق ننھے زائرین سے منسوب ایک ہال کا افتتاح ہوا ہے، جس میں روزانہ کی بنیاد پر ۷۰۰ بچے علمی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیاں سرانجام دے سکتے ہیں۔

حجت الاسلام والمسلمین حسین شریعتی نژاد نے مزید کہا کہ اس ہال کا افتتاح، حرم حضرت امام رضا علیہ السّلام میں اپنے والدین کے ہمراہ آنے والے ننھے زائرین کی تربیت اور آنحضرت کی زیارت سے متعلق آگہی فراہم کرنے کیلئے کیا گیا ہے، کیونکہ جس طرح بڑی عمر کے مرد اور خواتین کیلئے تبلیغ اور ثقافتی سرگرمیوں کی ضرورت ہے اسی طرح بچوں کیلئے نیز ضروری ہے۔

واضح رہے بچوں کی سرگرمیوں کیلئے حرم امام رضا علیہ السّلام کی جانب سے دوسرے ہال کا افتتاح ہوا ہے اس سے قبل بھی ایک ہال بچوں سے مخصوص تھا۔

حجت الاسلام شریعتی نژاد نے کہا کہ اس ہال میں ۵ سے ۹ سال کے بچے آ سکتے ہیں، لیکن ۵ سالہ بچوں کو ان کے والدین کے ہمراہ بلایا جاتا ہے۔

انہوں نے اس ہال میں بچوں کی سرگرمیوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں سے مخصوص اس ہال میں تین طرح کے پروگرام ہیں: فکری کھیل، ثقافتی چیزوں سے آشنائی اور داستان ہے۔ حضرت امام رضا علیہ السّلام کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو داستان کی شکل میں لکھا گیا ہے جسے بچوں کو بیان کیا جاتا ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین حسین شریعتی نژاد نے کہا کہ بچوں سے مخصوص اس ہال میں روزانہ کی بنیاد اور مختلف اوقات میں تقریباً ۷۰۰ بچے آتے ہیں۔

انہوں نے حرم حضرت امام رضا علیہ السّلام کی مختلف سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صرف اس ہال میں ہفتہ وار، تقریباً ۱۵۰ خادمین خدمت انجام دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ بچوں سے مخصوص یہ ہال، صحنِ پیامبر اعظم کے شمال مشرق میں باب الکاظم علیہ السّلام پر واقع ہے۔

حرم امام رضا علیہ السّلام کے ادارہ برائے تبلیغات اسلامی کے نائب سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ حرم میں ایک ہال کو بچوں سے مخصوص کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود دیگر ہال میں نیز بچوں اور خواتین و حضرات کیلئے ثقافتی اور علمی پروگراموں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

News Code 2692

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha