آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی جو کہ مؤرخہ 15جولائی2025 بروز منگل کو تہران میں ایران اور عراق کے وزراء کے ساتھ منعقدہ میٹنگ کے بعد مشہد مقدس تشریف لائے جہاں پر روضہ منورہ امام علی رضا(ع) کی زیارت سے مشرف ہوئے ، انہوں نے اس دوران بتایا کہ یہ امام رضا(ع) کی طرف سے دعوت تھی اور یقینا اس دعوت کے بغیر مشہد مقدس آنا ممکن نہیں تھا۔
جناب محسن نقوی نے آستان قدس رضوی کے سربراہان اور منتظمین کی خدمات اور کاوشوں کو سراہااورپاکستان کی جانب سے زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ نے اربعین حسینی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فی الحال بارڈرز بند ہیں ،لیکن ایران اور عراق کے وزراء کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں کے بعد اچھے فیصلے متوقع ہیں جن کے نتائج جلد ہی اعلان کئے جائیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان فیصلوں سے باردرز کھلیں گے اور زائرین کو آمد و رفت میں آسانی پیدا ہوگی۔
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے اپنے اس سفر کے دوران حرم امام رضا(ع) کے منتظم اعلیٰ جناب رضا خوراکیان سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔
آپ کا تبصرہ