حرم امام رضا(ع) میں حضرت ابا عبد اللہ الحسین(ع) کے ایّام سوگواری اور یوم تاسوعا و عاشورا کی مناسبت سے عزاداری کے مختلف پروگراموں کا انعقاد

سید الشہداء حضرت ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام کے ایّام سوگواری کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام میں عزاداری کے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جس میں زائرین و مجاورین کی کثیر تعداد نے شرکت فرمائی ۔

عتبہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ہر سال محرم الحرام اورحضرت امام حسین(ع) کی سوگواری اور عزاداری کے ایّام میں عزاداروں کی کثیر تعداد حرم امام رضا علیہ السلام میں حاضر ہوتی ہے تاکہ شہدائے کربلا کے سوگ میں منعقد کئے جانے والے پروگراموں میں شریک ہو کر اہلبیت(ع) سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کر سکیں۔ 
شبِ عاشورا میں خطبہ خوانی کے روایتی پروگرام کا انعقاد
ہر سال شب عاشورا کے موقع پر حرم امام رضا علیہ السلام میں خطبہ خوانی کا روایتی پروگرام منعقد کیا جاتا ہے اس سال بھی ’’آزادگان عالم در خیمہ حسین اند‘‘(دنیا کے سب آزاد انسان امام حسینؑ کے خیمہ میں ہیں) کے شعار اور ماٹو کے ساتھ یہ پروگرام منعقد کیا گیا،جس میں صوبہ خراسان رضوی میں ولی فقیہ کے نمائندہ آیت اللہ علم الہدیٰ،حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی اورحرم امام رضا علیہ السلام کے خادموں سمیت بہت سارے سول اور عسکری حکام شریک ہوئے ۔
واضح رہے کہ یہ پروگرام حرم امام رضا علیہ السلام کے صحن پیامبر اعظم(ص) میں منعقد کیا گیا جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا اور پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے شب عاشورا کا مخصوص خطبہ پڑھا گیا اور آخر میں شہدائے کربلا کے سوگ میں مرثیے اور نوحے پڑھے گئے ۔
یوم  عاشورا اور عزاداری کے جلوس
یوم عاشورا کا سورج طلوع ہوتے ہی زائرین و مجاورین کی کثیر تعداد غمزدہ دلوں اور اشکبار آنکھوں سے ماتم کرتے ہوئے امام رضا علیہ السلام کے روضہ منورہ پہنچنا شروع ہو گی،زیادہ تر عزادار ماتمی دستوں اور عزاداری کے جلوسوں کی صورت میں سیاہ لباس پہنے ،ہاتھوں میں علم اور بنرز اٹھائے شہدائے کربلا پر نوحے پڑھتے ہوئے حرم امام رضا علیہ السلام میں مشرف ہو رہے تھے ۔
ایرانی عوام حضرت امام رضا(ع) کو ان مجالس اورعزاداریوں کا بانی جانتی ہے اس لئے ہر سال سید الشہداء کے ایّام سوگ میں حرم امام رضا علیہ السلام کا رخ کرتی ہے ،
یوم تاسوعا اور عاشورا میں ظہرین کی باجماعت نماز کا انعقاد
نومحرم الحرام کے آغاز سے ہی اہلبیت علیہم السلام کے چاہنے والے حضرت امام حسین(ع) اور آپؑ کے با وفا اصحاب کے سوگ میں نوحے خوانی اور ماتم داری کر رہے تھے لیکن جیسے ہی حرم امام رضا علیہ السلام سے اذان ظہر کی آواز بلندنماز جماعت کے لئے صفیں بننا شروع ہوگئیں،زائرین و مجاورین نے امام حسین(ع) اور آپ ؑ کے باوفا اصحاب کے مقصد پر عمل پیرا ہوتے ہوئے نماز ظہرین باجماعت ادا کی ۔
اسی طرح یوم عاشورا ظہرین سے پہلے حرم امام رضا(ع) کے رواق امام خمینی(رہ) میں مقتل خوانی کا پروگرام منعقد کیا گیاجس میں امام حسین علیہ السلام کے مصائب پڑھے گئے اور ظہرین کے وقت ہزاروں عزادارنِ مظلوم کربلا نےظہرین کی نمازکو حرم امام رضا علیہ السلام میں باجماعت ادا کیا۔
حرم امام رضا(ع) میں شامِ غریباں کی مناسبت سے عزاداری کے مختلف پروگراموں کا انعقاد

گیارہ محرم الحرام کی رات سید الشہداء حضرت ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام کی شام غریباں کا خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی سمیت حرم اما م رضا(ع) کے خادموں اور زائرین و مجاورین کی کثیر تعداد نے شرکت فرمائی۔
واضح رہے کہ اردو زبان زائرین کے لئے شامِ غریباں کا خصوصی پروگرام حرم امام رضا علیہ السلام کے صحن قدس میں واقع’’حسینیہ حرم‘‘ میں منعقد کیا گیا جس میں مختلف ممالک سے تشریف لانےو الے اردو زبان زائرین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔
 

News Code 4724

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha