حرم امام رضا(ع) میں بچیوں کے لئے عالم اسلام کے سب سے بڑے جشن عبادت کا انعقاد

وہ بچیاں جن پر عبادات اور فرائض کی انجام دہی واجب ہوگئی تھی ،ایسی ۷۰ ہزار بچیوں کے لئے گذشتہ سال کے دوران حرم امام رضا علیہ السلام میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر عالم اسلام کے سب سے بڑے جشنِ عبادت کا انعقاد کیا گیا۔

انہی جشنوں کے تسلسل میں مشہد مقدس میں رہنے والی ۷۰۰بچیوں کے لئے ’’پرواز پروانہ ہا‘‘ کے عنوان سے  حرم امام رضا علیہ السلام کے رواق دارالمرحمہ میں جشن عبادت کا انعقاد کیا گیا۔

رنگ برنگی تتلیوں کی طرح نظر آنے والی ۷۰۰ بچیاں جو ایسی لگ رہی تھیں کہ ابھی ابھی لاروے سے آزاد ہو کر خدا کی بندگی و عبادت کے لئے اڑان بھر رہی ہیں،اپنی گلدار اور پھولوں سے سجی چادروں کو ہوا میں لہرا رہی تھیں،ہزاروں مختلف قسم کے پھولوں کی خوشبو سے رواق دارالمرحمہ مہک رہا تھا۔

میں اپنے والدین کے ہمراہ اور اپنی گڑیا ساتھ لے آئی ہوں

اے میرے مولا! اے میرے دلبر! سلام ہو آپ پر

 میری خواہش ہے مجھے نہ کبھی چھوڑے اکیلا آپ

دعا ہے ہمیشہ اپنے حرم مجھ کو بلاتے رہیں میرے مولا

اس مفہوم کے ساتھ بچیاں فارسی زبان میں اشعار پڑھ رہی تھیں،ان معصوم سی پریوں کو شاید خود بھی پتہ نہ ہوکہ یہ جشن ، عالم اسلام کا سب سے بڑا جشن عبادت ہے ۔دنیا بھر سے مختلف زائرین بھی اس نورانی اور روحانی جشن میں شریک تھے ۔

حرم امام رضا (ع)کے منتظم اعلیٰ نے بھی خصوصی طور پر اس جشن میں شرکت فرمائی تاکہ ان بچیوں کو عبادات اور فرائض واجب ہونے پر مبارک باد پیش کر سکیں،انہوں نے بچیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ پر امام رضا علیہ السلام کی خصوصی توجہ ہے اس لئے آپ کو چاہئے کہ آپ اپنی زندگی میں والدین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں۔

اس جشن عبادت کے دوران بچیوں کے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا اس کے علاوہ انہیں شرعی احکام اور دینی مسائل بھی بتائے گئے،جشن میں ماں باپ اور اساتذہ کی صحت و تندرستی کی دعا کے ساتھ ’’صلوات امام رضا(ع)‘‘ بھی پڑھی گئی ۔

جشن کے اختتام پر انہوں نے امام رضا(ع) اور خدا سے یہ عہد کیا کہ ان کے پاک وپاکیزہ دل ہمیشہ سے محبت اہلبیت(ع) پر قائم رہیں گے۔

اذان ظہر کی آواز سنتے ہی سب بچیاں نماز جماعت کے لئے تیار ہوگئیں اور اپنی پہلی نماز امام رضا علیہ السلام کے نورانی حرم میں  ادا کی۔

ان سب بچیوں کو حرم امام رضا علیہ السلام کی جانب سے ایک چادر عطیہ کی گئی اورآخر میں سب نے امام رضا(ع) کے بابرکت دستر خوان پر کھانا بھی تناول فرمایا۔

News Code 4328

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha