حرم امام رضا(ع) میں مرحوم آیت اللہ واعظ طبسی(رہ) کی اٹھویں برسی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

حرم امام رضا علیہ السلام کے سابقہ متولی مرحوم آیت اللہ واعظ طبسی(رہ)کی اٹھویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

عتبه نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ یہ تقریب بروز ہفتہ مؤرخہ ۹ مارچ۲۰۲۴ کو حرم امام رضا علیہ السلام کے قدس ہال میں منعقد کی گئی جس میں حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی،صوبائی حکام،خدام اور زائرین و مجاورین کی کثیر تعداد نے شرکت فرمائی۔

تقریب کے دوران حرم امام رضا(ع) کے متولی حجت الاسلام مروی نے آیت اللہ طبسی کے زہد اور سادہ زندگی کو ملکی حکام کے لئے نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ واعظ طبسی(رہ)حرم امام رضا علیہ السلام کے سچے اور مخلص خادم ہونے کے ساتھ ساتھ اسلامی نظام کا عظیم اثاثہ تھے ۔

انہوں نے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد؛انقلاب اسلامی میں تاثیرگزار اثاثہ کی شناسائی اور تعارف ہے  ،ہم پر فرض ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ اس نظام کو قائم کرنے والے تابناک اور درخشندہ چہروں کو یاد رکھیں۔

حجت الاسلام والمسلمین مروی نےکہا کہ آیت اللہ واعظ طبسی(رہ)نے  انقلاب اسلامی اور امام خمینی(رہ) کی تحریک کے لئے بہت ساری صعوبتیں برداشت کیں،آپ ایک مجاہد عالم دین تھے اور اس راہ میں آپ نے نہایت ثابت قدمی اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے اپنی گفتگو کے تسلسل میں آیت اللہ واعظ طبسی(رہ) کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نےحرم امام رضا(ع)کو۹۰ ہزار مربع میٹر سے  دس لاکھ مربع میٹر تک وسیع کیا،اس کے علاوہ علوم اسلامی رضوی یونیورسٹی اورامام رضا(ع) انٹرنیشنل یونیورسٹی کی تأسیس،اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کا قیام اور مشہد مقدس میں ۳۶سے زیادہ لائبریریز بنانے سمیت رضوی ہاسپٹل اور کئی تفریحی اور ورزشی مراکز کی تعمیر وغیرہ جملہ خدمات ہیں جو انہوں نے اپنی زندگی میں انجام دیں۔

گفتگو کے اختتام پر کہا کہ متولی ہونے کے ناطے وہ اپنا شرعی اور قانونی حق رکھتے تھے کہ ہر مہینے تنخواہ لیں لیکن انہوں نے اپنی زندگی میں ایک ریال بھی حرم سے نہیں لیااور جو کچھ بھی ان کے پاس تھا انہوں نے عالم اسلام کی خدمت اور ثقافتی امور کے لئے مختص کر دیا۔

تقریب کے دوران صوبہ خراسان رضوی میں تعینات ولی فقیہ کے نمائندے آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ نےکہا کہ آیت اللہ واعظ طبسی (رہ) ایسی شخصیت کےمالک تھے کہ جب ولایت فقیہ اور رہبر معظم انقلاب کی بات ہوتی تو ساری دوستیاں اور رشتہ داریاں بھلا کر میدان میں آتے اور اس کا ایک واضح نمونہ ۱۳۸۸ شمسی میں پیش آنے والا فتنہ ہے جس میں وہ  ولایت فقیہ اور رہبر معظم کی حمایت میں میں ذرہ برابر بھی پیچھے نہیں ہٹے۔

اس تقریب کے دوران  آیت اللہ جعفر سبحانی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ مرحوم آیت اللہ واعظ طبسی(رہ) کی گرانقدرخدمات کو سراہا ۔

اسی طرح آیت اللہ جوادی آملی نے بھی ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مرحوم آیت اللہ واعظ طبسی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے نصف صدی بہترین انتظامات اور باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ اس اسلامی نظام کی خدمت کی۔

News Code 3933

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha