حضرت امام محمد باقر(ع) کی شہادت کی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) میں عزاداری کے مختلف پروگراموں کا انعقاد

حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) میں عزاداری کا پروگرام منعقد کیا گیا جس میں زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت فرمائی۔

آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ شب شہادت امام محمد باقر(ع) کے موقع پر حرم امام رضا علیہ السلام کے صحن پیامبر اعظم(ص) میں مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا، مجلس عزاء کا یہ پروگرام نماز مغربین کے فوراً بعد زیارت امین اللہ کی قرائت سے شروع ہو گیا،اس پروگرام میں ذاکر اہلبیت(ع) جناب سعید قانع نے مرثیہ اور نوحے پڑھے۔ 

پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین جناب مصطفیٰ رستمی نے حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی سیرت پر خطاب کیا اور کہا کہ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام نے دینی علوم کو زندہ کرنے اور اسلامی تعلیمات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

 انہوں نے کہا کہ جس دور میں بنی امیہ کا ظلم و جور عروج پر تھا امام باقر علیہ السلام نے بے مثال ہمت و شجاعت اور حکمت کے ساتھ اسلامی تعلیمات کو فروغ دیا ، امام(ع) نے ایک منظم تعلیمی نظام کی بنیاد رکھ کر دینی مفاہیم کو عوامی سطح پر پیش کیا۔ 

انہوں نے مزید یہ کہا کہ جب یزید جیسے حکمرانوں کے تاریک دور کے بعد مسلمانوں کو دینی حقائق بیان کرنے سے روک دیا گیا تھا تو امام محمد باقر علیہ السلام نے امام زین العابدین(ع) کی عاشورائی تحریک کو بروئے کار لاتے ہوئے دین کی تجدید کا فریضہ بہترین انداز میں سرانجام دیا۔ 

گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آپ کے اہم ترین اقدامات میں زرارہ، محمد بن مسلم اور ابو حمزہ ثمالی جیسے شاگردوں کی تربیت تھی جنہوں نے دینی علوم کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

امام محمد باقر(ع) کی شہادت اور حضرت امام خمینی(رہ) کی برسی کی مناسبت سے ایک اور خصوصی پروگرام مدرسہ اور فقہی مرکز الامام علی بن موسیٰ الرضا(ع) میں منعقد کیا گیا، جس میں آستان قدس رضوی کے متولی اورحوزہ علمیہ خراسان کی سپریم کونسل کے رکن حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی سمیت آستان قدس رضوی کے متعدد سربراہان نے شرکت فرمائی۔ 

اس خصوصی پروگرام میں فقہی مرکز کی ہیئت فکری کے سربراہ حجت الاسلام خانزادہ نے خطاب کیا جس میں انہوں نے مدرسہ کی اہم سرگرمیوں کا تعارف کرایا۔

قابل توجہ ہے کہ اس پروگرام کےدوران ’’حوزہ انقلابی‘‘ نامی کتاب سے بھی نقاب کشائی کی گئ۔ 

پروگرام کے اختتام پر حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مرثیے اور مصائب پڑھے گئے ۔ 

واضح رہے کہ یوم شہادت امام محمد باقر(ع) کے موقع پر بھی ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبہ خراسان رضوی میں تعینات ولی فقیہ کے نمائندے اور مشہد مقدس کے امام جمعہ آیت اللہ سید احمد علم  الہدیٰ نے خطاب فرمایا، انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام شیعہ معاشرے میں فکری و ثقافتی انقلاب کے بانی تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ جب خود امام معاشرے میں موجود ہوں توامام کے علاوہ جو بھی حاکمیت کا دعویٰ کرے گا وہ طاغوت اور کفر کے زمرے میں آئے گا۔ 

گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ امام محمد باقر علیہ السلام کی سرگرمیوں سے نہ فقط تشیع مستحکم ہوئی بلکہ عالم اسلام میں فکری و ثقافتی لحاث سے بہت سارے انقلاب رونما ہوئے ۔

واضح رہے کہ یوم شہادت کے اس خصوصی پروگرام کے اختتام پر ذاکر اہلبیت(ع) احمد سبزی اور امیر عارف نے مصائب اور مرثیے پڑھے۔

News Code 6565

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha