شب قدر اور حرم امام رضا(ع) میں دعا و مناجات

پہلی شب قدر یعنی شب انیس ماہ رمضان کی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) میں دعا و مناجات پڑھی گئیں اور زائرین و مجاورین کے لبوں پر ’’یا رب یا رب‘‘ کی صدا بلند تھی۔

آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ وہ رات جس رات میں فرشتوں کا نزول ہوتا ہے جس رات میں ایک سال کی تقدیر لکھی جاتی ہے اس رات میں زندہ دل اور شب زندہ دار مومنین دل و جان سے خدا کی بارگاہ میں دعا و مناجات کرتے ہیں اور قرآن و اہلبیت(ع) کے سائے میں ’’الھی العفو‘‘ کی صدا بلند ہوتی ہے ،یہ وہ رات ہے جس میں امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کو   محراب  مسجد کوفہ میں سر پر ضرب لگی ،مومنین اس مناسبت سے مولائے متقیان کا سوگ بھی مناتے ہیں۔

اس رات کا خصوصی پروگرام ساڑھے آٹھ بجے سے قرآن کریم کی تلاوت کے ساتھ شروع ہوا جس کے بعد دعائے جوشن کبیر پڑھی گئی اور جناب جعفر ملائکہ نے اہلبیت(ع) کے غم میں مرثیہ پڑھا ۔

صوبہ خراسان رضوی میں تعینات ولی فقیہ کے نمائندے اور مشہد مقدس کے امام جمعہ آیت اللہ علم الہدیٰ نے مجلس کو خطاب کیا اور آخرمیں شب قدر کے اعمال انجام دلائے  ۔

آیت اللہ علم الہدیٰ نے مچلس کو خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ ہمیں سعادت مند بننے کے لئے خدا کا قرب حاصل کرنا ہوگا ، گناہ ہمارے اور خدا کے درمیان فاصلہ ڈال دیتے ہیں لیکن اس شب قدر میں خدا کو امیرالمؤمنین حضرت علی کا واسطہ قرار دے کر خدا کی رحمت کے مستحق قرار پاسکتے ہیں۔

واضح رہے  کہ دعا و مناجات کے وقت حرم امام رضا(ع) میں زائرین کی کثیر تعداد موجود تھی جو اپنے مظلوم امام حضرت علی علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت  کا غم منارہے تھے اور گریہ و عزاداری کر رہے تھے ۔

اس رات میں زائرین حرم امام رضا(ع) میں بیٹھ کر    مولائے متقیان  حضرت علی علیہ السلام سے حال دل بیان کررہے تھے  ، تہران سے مشہد مشرف ہونے والے زائر جناب کریم پورکہتے  ہیں   کہ آج کی رات حرم امام رضا(ع) میں ایسا لگ رہا ہے جیسے نجف اشرف میں اور امیرالمؤمنین کے حرم میں ہیں۔
مذکورہ  زائر کا کہنا تھا کہ  آج کی رات خداوند متعال کی بارگاہ میں دعا گوہوں کہ ہمارے ملک کے لئے بہترین تقدیر لکھی جائے اور سب اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ملکی اور معاشی مسائل پر قابو پا سکیں۔

ریحانہ الھیٰ جو کہ تبریز سے مشہد مقدس زیارت کے لئے مشرف ہوئی ہے کہتی ہے کہ اس رات میں خدوند متعال سے پوری امت مسلمہ خصوصاً فلسطین، لبنان اور یمن  کی آزادی اور فتح کے لئے دعا گو ہوں اور دعا ہے کہ اسلامی محاذ اور مزاحمتی محاذ کو فتح نصیب ہو۔

سہیل رضا زادہ جو کہ شیراز سے مشہد آٰیا ہے کہتا ہے کہ امام رضا(ع) کا حرم شیعوں اور مسلمانوں کے لئے پناہ گاہ ہے ،یہ حرم عاشقانِ ولایت و امامت کے دلوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتا ہے ۔

News Code 5999

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha