’’حی علی القدس‘‘ کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

عالمی یوم قدس کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام میں ’’حی علی القدس‘‘ کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں بیس ممالک کے زائرین نے شرکت کی  

 آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ یہ کانفرنس مؤرخہ27 مارچ 2025 بروز جمعرات کو حرم امام رضا علیہ السلام کے رواق دارالہدایہ میں منعقد کی گئی جس میں اردو زبان کی 40 مشہور شخصیات سمیت ایشائی،آفریقی  اور یورپی  ممالک کے زائرین اورشخصیات نے شرکت کی  ۔

اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد عالمی یوم قدس کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور قدس شریف کی آزادی کی تحریک اور مزاحمتی محاذ کی حمایت تھی ۔

اس کانفرنس میں شام میں تعینات رہبر معظم انقلاب اسلامی کے سابق  نمائندہ سید ابوالفضل طباطبائی اشکذری نے خطاب کیا جس میں انہوں نے عالمی سطح پر مسلمانوں کے مابین اتحاد و یکجہتی اور فلسطین کی حمایت پر زور دیا ۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام خمینی(رح) کی جانب سے عالمی یوم قدس کا تعین درحقیقت اسلامی انقلاب کے اہداف و مقاصد کے حصول کے لئے ایک بلند مدت اور اسٹریٹجک پالیسی تھی۔

آستان قدس رضوی کے ادارہ غیرملکی زائرین کے سربراہ حجت الاسلام سید محمد ذوالفقاری نے بھی اس کانفرنس میں خطاب کیا اور عالمی یوم قدس کو فلسطین کی حمایت میں امت مسلمہ کے اتحاد کا مظہر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کی وحشی گری جاری ہے اس لئے ہمیں فلسطینیوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہنا چاہئے۔

کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے ایک طومار پر دستخط کئے اور عہد کیا کہ شہدائے مزاحمت بشمول شہید حاج قاسم سلیمانی، شہید ابومہدی المہندس اور شہید حسن نصر اللہ کے راستے کو جاری رکھتے ہوئے قدس کا دفاع کرتے رہیں گے۔

اس طومارکا متن امیرالمؤمنین کی روایت کے ساتھ’’ظالم کے دشمن اور مظلوم کے مددگار بن کررہو‘‘منظم کیا گیا تھا۔

News Code 6074

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha