آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ مؤرخہ26 جنوری2025 بروز اتوارکو41 ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کی افتتاحی تقریب آستان قدس رضوی کی میزبانی میں حرم امام رضا علیہ السلام کے قدس ہال میں منعقد ہوئی جس میں عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محسنی اژہ ای،صوبہ خراسان رضوی میں ولی فقیہ کے نمائندے آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ،آستان قدس رضوی کے متولی آیت اللہ مروی،ادارہ اوقاف و فلاحی امور کے ڈائریکٹر حجت الاسلام والمسلمین خاموشی اور دیگر چند ایک عہدیداروں سمیت قومی اور بین الاقوامی قاریان قرآن نے شرکت فرمائی۔
حرم امام رضا(ع) میں پہلی بار منعقد کئے جانے والے ان قرآنی مقابلوں کا آغازبین الاقوامی قاری قرآن جناب ہادی اسفیدانی نے تلاوت قرآن سے کیا۔
اس قرآنی تقریب کو قرآن و معارف چینل، رضوی ٹی وی اور خراسان رضوی چینل سے براہ راست نشر کیا گیا،تقریب کی نظامت قرآنی فعال رکن جناب علمبردار عباس سلیمی اور عربی زبان میں جناب احمد نجف نے کی۔
قابل توجہ ہے کہ ان قرآنی مقابلوں میں 59قاریان قرآن شرکت کریں گے اوران بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کا آغاز27 جنوری2025 سے ہوگا جو کہ31 جنوری 2025 تک جاری رہیں گے ۔
آستان قدس رضوی قرآنی خدمات کا مرکز ہے
بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کی اس افتتاحی تقریب میں آستان قدس رضوی کے نائب متولی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آستان قدس رضوی کے متولی کی توجہ سے یہ مجموعہ قرآنی خدمات کا مرکز بن چکا ہے ۔
جناب مصطفی فیضی نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں رجب المرجب کے مہینے میں اور امام رضا(ع) کے جوار میں قرآنی خادمین کی خدمت کرنےکی توفیق حاصل ہوئی ہے ۔
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حرم امام رضا(ع) کے خادمین مکتب اہلبیت(ع) اور سیرت آئمہ معصومین علیہم السلام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے صدیوں سے قرآنی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔
جناب فیضی نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی فتح کے بعد سے ان قرآنی سرگرمیوں میں سو فیصد اضافہ ہواہے جس کی وجہ سے آستان قد رضوی قرآنی خدمات کامرکز بن چکا ہے ۔
انہوں نے اس بیان کے ساتھ کہ حرم امام رضا(ع) قرآن و عترت کا عکاس ہے ،کہا کہ اس نورانی بارگاہ میں وسیع پیمانے پر قرآنی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں ،جن میں قرآن کریم کے قلمی نسخوں کی حفاظت و مرمت سمیت مہد الرضا(ع) کے عنوان سے 220 شہروں اور گیارہ ممالک میں قرآنی سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔
قرآن کریم کی پیروی سے مزاحمتی محاذ کو صیہونی حکومت کے خلاف فتح حاصل ہوئی
ادارہ اوقاف اور فلاحی امور کے ڈائریکٹر حجت الاسلام والمسلمین سید مہدی خاموشی نے بھی اس بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں خطاب کیا اور کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں خصوصاً غزہ کی مظلوم عوام نے قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے صیہونی حکومت کے خلاف ڈٹ کر مزاحمت کی اور دنیا پر واضح کر دیا کہ حق ہمیشہ کامیاب ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام علی رضا(ع) قرآن کا باطن اور حقیقتِ قرآن ہیں اور ہم بہت خوش ہیں کہ اس بار ان قرآنی مقابلوں کا انعقاد حرم امام رضا علیہ السلام میں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال ان قرآن مقابلوں کا انعقاد ’’ایک کتاب، ایک امت،کتاب مزاحمت‘‘ کے عنوان سے ہوا اور اس سال ان مقابلوں کا انعقاد’’کمال تک پہنچنے کا واحد نسخہ قرآن ہے‘‘ کے عنوان سے کیا جارہا ہے ۔
حجت الاسلام خاموشی کا کہنا تھا کہ فلسطین کی مظلوم عوام اور مزاحمتی محاذ نے ’’حسبنا اللہ و نعم الوکیل‘‘ کے نعرے کے ساتھ مزاحمت کی اور فتح سے سرخرو ہوئے اور اسی مزاحمت کی وجہ سے صیہونیوں کو خوار و ذلیل ہونا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی ہر آیت نور ہے جو بنی نوع انسان کی راہنمائی کے لئے نازل ہوا ہے ، خداوند متعال نے انسان سے گفتگو کی اور قرآن کی صورت میں اسے نازل فرمایا ہے ۔
صیہونی حکومت کا شر مسلمانوں سے اور دنیا سے ختم ہوجائے گا
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے دفتر کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمد محمدی گلپایگانی نے بھی اس افتتاحی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ صیہونیوں کی ایسی شکست ہوئی ہے جو جبران ناپذیر ہے اور یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ان کا شر مسلمانوں اور دنیا سے ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قرآن نے خود اپنا تعارف کرایا ہے ،پیغمبر گرامی اسلام کا فرمان ہے:’’ قرآن زندگی کی کتاب ہے ، قرآن انسانوں کی خوشبختی اور سعادت کی کتاب ہے‘‘۔
خوشبختی اور سعادت کی ہرچیز قرآن میں موجود ہے ،قرآن نے ہمیں ہمارے دشمن کا بھی تعارف کرایا ہے اور کہا ہے کہ تمہارا سخت ترین دشمن قوم یہود ہے ۔
حرم امام رضا(ع) میں 41 ویں بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئ۔
News Code 5667
آپ کا تبصرہ