عتبہ نیوز کے مطابق پاکستان کی سابق رکنِ پارلیمنٹ اسما ممدوت نے مشہد الرضا علیہ السلام کے کتب داروں کے اجتماع میں شرکت کے دوران یہ نفیس نسخۂ قرآن بارگاہِ ملکوتی رضوی میں پیش کیا۔ یہ اجتماع پیر، ۱۶ نومبر ۲۰۲۶ء کو آستان قدس رضوی کی مرکزی لائبریری کے تالارِ قدس میں آیت اللہ احمد مروی، متولی آستان قدس رضوی، اور کتاب و کتاب داری کے شعبے سے وابستہ متعدد مدیران، ماہرین اور کارکنان کی موجودگی میں منعقد ہوا۔
پاکستانی زائر خاتون، پاکستان کی سابق وزیرِ صحت عفیفہ ممدوت کی صاحبزادی اور پنجاب صوبائی اسمبلی کے پہلے اسپیکر نواب جمال خان کی اہلیہ محبوب بیگم کی نواسی ہیں۔ وہ اس قرآن کو اپنے، اپنی والدہ اور اپنی نانی کے نام سے وقف کرنے کے لیے مشہد مقدس تشریف لائی تھیں۔
یہ عطیہ کردہ مصحف شریف افغانستان کے سابق بادشاہ محمد ظاہر شاہ کے خاندان کے قیمتی ورثے میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے سرلوح، تذهیب اور فنکارانہ آرائش میں کشمیر کے مخصوص اسلوب کی نفیس جھلک نمایاں ہے اور اس کی تذهیب آستان قدس رضوی کے خزانے میں موجود قرآن نمبر ۱۰۰ کی تذهیب سے مشابہت رکھتی ہے۔ یہ نسخہ ممتاز خطِ نسخ میں تحریر کیا گیا ہے۔
اس فن پارے میں، جو تیرہویں صدی ہجری کے اوائل کا تحریر کردہ ہے، قرآنی آیات کا فارسی ترجمہ خطِ نستعلیق میں متن کے نیچے درج ہے، جبکہ سورتوں کے خواص صفحات کے حاشیوں میں ترچھی تحریر کی صورت میں درج کیے گئے ہیں۔ پاروں اور حزبوں کی علامتوں سمیت دیگر نشانات بھی ترنج اور شمسی نقش و نگار کے ذریعے صفحات کے حاشیوں کو مزین کرتے ہیں۔
عطیہ کنندہ کی گفتگو
اس نفیس نسخے کے عطیے کے موقع پر اسما ممدوت نے ہمارے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’’یہ نفیس قرآن میری ننھیال کی دادی کا تھا، جن کا تعلق افغانستان سے تھا۔‘‘
حضرت امام رضا علیہ السلام سے اپنی قلبی محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے اس قرآن کی عطیہ کنندہ نے مزید کہا: ’’میں اس نسخے کو بارگاہِ ملکوتی رضوی میں پیش کرنے کے لیے ایران آئی ہوں، کیونکہ اس کے حقیقی وارث امام رضا علیہ السلام ہیں۔ دوسری جانب، یہ قرآن آستان قدس رضوی کی لائبریری میں محفوظ رہنا چاہیے، جو ایک محفوظ اور قابلِ اعتماد مقام ہے، تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔‘‘
پاکستانی زائر خاتون نے مزید کہا: ’’اب میں بہت مطمئن اور خوش ہوں کہ میں اپنے اس خاندانی ورثے کو، جو نسل در نسل ہمارے خاندان میں محفوظ رہا ہے، اس مجموعے کے حوالے کر سکی ہوں۔ بلاشبہ امام رضا علیہ السلام میرا یہ تحفہ بھی قبول فرمائیں گے۔‘‘
قابلِ ذکر ہے کہ آستان قدس رضوی کے مجموعے نے اسما ممدوت کے اس قابلِ قدر اقدام کے اعتراف میں، اس عظیم اجتماع کے دوران انہیں نفیس ثقافتی تحائف پیش کرکے خراجِ تحسین پیش کیا۔
آپ کا تبصرہ