عراق کے موکب داروں نے حرم امام رضا(ع) کے رواق دارالذکر میں بھائی چارگی کا نعرہ بلند کیا

عراق کے تین سو سے زائد موکب دار حسینی موکبوں کی تجلیل و تکریم کے لئے منعقدہ تقریب میں شرکت کے لئے مشہد مقدس تشریف لائے جہاں پر انہوں نے حرم امام رضا(ع) کے رواق دارالذکر میں حاضر ہو کر عربی زبان میں منعقدہ ایک پروگرام کے ذریعے اہل بیت (ع) کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔

آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ مؤرخہ 18 اکتوبر2026 بروز اتوار کی صبح حرم امام رضا(ع) کے رواق دارالذکر میں عراقی موکب داروں کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد شعر خوانی ،منقبت خوانی اور عربی زبان میں مصائب پڑھے گئے ۔ یہ پروگرام اربعینی مواکب کی تکریم کے تین روزہ ایونٹ کا ایک حصہ ہے، جو آستانہ قدس رضوی کی میزبانی میں اربعین کے خادمین کی قدردانی اور ایران اور عراق کی اقوام کے روحانی رشتوں کو مضبوط کرنے کے ہدف کے ساتھ منعقد کیا گیا۔

تلاوت قرآن اور عربی زبان میں سوگواری

رواق دارالذکر کا پروگرام صبح 9:30 بجے محمد علی زہیری کی نظامت سے شروع ہوا۔ اس کے بعد ایک عراقی موکب دار نے قرآن کریم کی آیات تلاوت کیں اور شاعر سید عبدالکریم جزائری نے عربی زبان میں شاعری کے ذریعے اس محفل کو ادبی اور روایتی رنگ و روپ بخشا۔

اسی طرح عراقی موکب دار مومل کشکول نے منقبت خوانی کی اور ایک اور عراقی موکب دار شیخ رعد شبع نے مصائب پڑھے ۔ یہ تقریب تقریباً 30 منٹ جاری رہی اور اس کے تمام حصے عربی زبان میں پیش کیے گئے۔

’’اخوتنا ، قوتنا‘‘ بھائی چارگی ، خدمت کی پشت پناہی

اربعین حسینی کے مواکب کی تکریم و تجلیل کا یہ ایونٹ «اخوتنا، قوتنا» یعنی «ہماری برادری، ہماری طاقت ہے» کے نعرے کے ساتھ، ان موکب داروں کی قدردانی کے لئے ایک بہترین موقع تھا جو اربعین حسینی کے ایام میں زائرین کی مہمان نوازی اور خدمت کے ذریعے اس عظیم مذہبی اجتماع کی میزبانی کا ایک بڑا بوجھ اٹھاتے ہیں۔

اربعینی کلچر میں ؛ موکب ہمدردی، ایثار اور بے منت خدمت کا مظہر ہیں؛ ایک ایسی عوامی صلاحیت جو جغرافیایی سرحدوں کو پار کر کے ایران اور عراق کے عوام کے دینی اور ثقافتی رشتوں کو مضبوط کرتی ہے۔ مختلف سماجی اور مذہبی مواقع پر دونوں ملکوں کے موکب داروں کی موجودگی بھی اس خدمت کے جذبے اور یکجہتی کے تسلسل کی عکاسی کرتی ہے۔

حرم امام رضا(ع) میں پروگراموں کا تسلسل

طے شدہ پروگرام کے مطابق، عراقی موکب داروں کی تکریم و تجلیل کی مرکزی تقریب اتوار کی شام نماز مغرب و عشا کے بعد، ملکی اور صوبائی حکام کی موجودگی میں حرم مطہر رضوی کی لائبریری کے قدس ہال میں منعقد کی گئی۔

آستان قدس رضوی کے میوزیم کا وزٹ، حضرت امام رضا (ع) کے چائے خانوں میں حاضری، زائرین کی پذیرائی اور صحن غدیر میں ایک پروگرام میں شرکت بھی عراقی مہمانوں کے لیے پیش نظر دیگر حصوں میں شامل ہیں؛ یہ پروگرام تکریم وتجلیل کی تقریب کے ساتھ ساتھ انہیں آستان قدس رضوی کی ثقافتی اور خدماتی صلاحیتوں سے مزید واقفیت کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

مآخذ: آستان نیوز
News Code 10193

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha